واٹس ایپ نے گوگل ڈرائیو میں بیک اپ بنانے کا فیچر متعارف کرا دیا، استعمال کا طریقہ جانئے
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مشہور سوشل میڈیا ایپلی کیشن ”واٹس ایپ“ نے اپنے صارفین کیلئے اہم ترین فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت اب صارف واٹس ایپ کا تمام تر ڈیٹا ” گوگل ڈرائیو“ میں محفوظ کر سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کا یہ فیچر پچھلے کچھ مہینوں سے ٹیسٹنگ کے مراحل میں تھا اور رواں سال اپریل کے مہینے میں بہت سے صارفین کو بھی اس فیچر تک رسائی دے دی گئی تھی لیکن تمام صارفین کو اس تک رسائی نہ مل سکی تھی تاہم اب واٹس ایپ نے یہ فیچر مکمل طور پر متعارف کرا دیا ہے جسے اٹس ایپ کے تازہ ترین ورژن میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اب اگر آپ اپنا موبائل فون بدلتے ہیں یا کسی وجہ سے تمام ڈیٹا اڑا دیتے ہیں تو واٹس ایپ انسٹال کرنے کے بعد تمام تر ڈیٹا باآسانی گوگل ڈرائیو سے اپنے موبائل میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔ آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ واٹس ایپ کے اس نئے فیچر کو کیسے استعمال کرنا ہے اور اپنا ڈیٹا محفوظ بنانا ہے۔
یہ فیچر واٹس ایپ کے 2.12.303 اور اس سے اوپر کے ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے جسے انسٹال کرنے کے بعد آپ کے سامنے ایک ”سیٹ اپ وزڈ“ کھل جائے گا۔
یہاں آپ اپنا گوگل اکاﺅنٹ ایڈ کریں اور واٹس ایپ کو بتائیں کہ آیا آپ روزانہ بیک اپ بنانا چاہتے ہیں یا ہفتے میں ایک بار یا پھر ایک مہینے بعد، اور اگر آپ چاہیں تو ”Never“ کی آپشن پر کلک کر کے اس فیچر کو آف بھی کر سکتے ہیں یا پھر ''Only whe i tap ''Back up'' پر کلک کر کے مینوئل طریقے سے بھی بیک اپ بنا سکتے ہیں۔یہاں یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ آپ واٹس ایپ میں موجود ویڈیوز کو بھی محفوظ بنا سکتے ہیں تاہم اگر آپ ویڈیوز کے آپشن کو سلیکٹ نہیں کریں گے تو چیٹ ہسٹری اور تصاویر خود بخود ہی سلیکٹ ہو جائیں گی جبکہ بیک اپ کیلئے درکار وقت آپ کے انٹر نیٹ کنکشن کی سپیڈ اور ڈیٹا کے سائز پر منحصر ہو گا ۔
اب آپ کو بتاتے ہیں کہ گوگل ڈرائیو میں محفوظ کیا گیا ڈیٹا کس طرح ری سٹور ہو گا۔
واٹس ایپ نے جس طرح ڈیٹا بیک اپ کرنے کا طریقہ انتہائی آسان کر دیا ہے اسی طرح ری سٹور کرنے کا طریقہ بھی انتہائی عام فہم ہے اور کوئی بھی ایوریج یوزر بھی باآسانی اپنا ڈیٹا ری سٹور کر سکتا ہے۔ اگر آپ نے نیا موبائل خریدا ہے یا پھر اپنے پرانے موبائل کو ہی کسی وجہ سے فارمیٹ کر دیا ہے تو واٹس کا نیا ورژن انسٹال کریں ۔ انسٹالیشن مکمل ہونے کے بعد واٹس ایپ میں اپنا نمبر ایکٹیویٹ کریں جس کے بعد واٹس ایپ موبائل سٹوریج کو سرچ کرے گا تاکہ وہ موجود کسی بھی بیک اپ کو ری سٹور کر سکے تاہم اگر وہاں کوئی بیک اپ موجود نہ ہوا تو یہ خودبخود ہی آپ کے گوگل اکاﺅنٹ کو سرچ کرے گا اور بیک ری سٹور کر دے گا۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ واٹس ایپ گوگل ڈرائیو سے ڈیٹا ری سٹور کرنے کے دوران چیٹ ہسٹری کو سب سے پہلے ڈاﺅ لوڈ کرے گا تاکہ واٹس ایپ کا فوری استعمال ممکن ہو جائے جبکہ تصاویر اور ویڈیوز اس کے بعد ڈاﺅن لوڈ ہوتی رہیں گی۔