گلیکسی S8 کی اصل تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی، صارفین بے چینی سے فون کا انتظار کرنے لگے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) دنیا بھر میں ٹیکنالوجی ماہرین سام سنگ کے نئے سمارٹ فون گلیکسی S8 کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں جو 29 مارچ کو متعارف کرایا جائے گا لیکن اس سے قبل ہی اس کی چند تصاویر منظرعام پر آ گئی ہیں جس میں اسے استعمال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور ان تصاویر نے سوشل میڈ یا پر ہلچل برپا کر دی ہے۔
میکسیکو کے ایک صارف نے گلیکسی S8 پلس کی تصاویر اپ لوڈ کی ہے جس میں وہ اپنی کار میں بیٹھا فون استعمال کر رہا ہے۔ یہ تصاویر بالکل اصلی ہیں اور اس کے دلکش ڈیزائن اور شاندار سکرین نے سب پر سحر طاری کر دیا ہے۔ ان تصاویر کے ذریعے گلیکسی S8 کی بھرپور جھلک دنیا کو دیکھنے کو مل گئی ہے اور یہ بھی پتہ چل گیا ہے کہ 6.2 انچ کی سکرین سے مزین اس فون کا ڈیزائن اس قدر بہترین ہے کہ یہ آرام سے ہاتھ میں پورا آ جاتا ہے۔
صارف نے ان تصاویر کے ساتھ ایل جی کے نئے فلیگ شپ سمارٹ فون V20 کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں جس کی سکرین کا سائز 5.7 انچ ہے لیکن حیران کن طور پر دیکھنے میں دونوں ایک ہی سائز کے نظر آتے ہیں جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ سام سنگ کا گلیکسی S8 اب تک کا بہترین سمارٹ فون ہو گا۔