سب سے مشہور فون نوکیا 3310 کی نئے ڈیزائن اور جدید فیچرز کے ساتھ واپسی
بارسلونا (ڈیلی پاکستان آن لائن) نوکیا نے آخر کار اپنے تاریخی موبائل 3310 کا ”جدید ورژن“ بھی متعارف کرا دیا ہے جسے دیکھتے ہی شائقین کی باچھیں کھل گئی ہیں اور ہر کوئی اس فون کی مارکیٹ میں جلد دستیابی کا خواہشمند ہے۔
تفصیلات کے مطابق بارسلونا میں جاری موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران نوکیا نے 3310 کا بہتر ورژن متعارف کرایا دیا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں کئی نئے فیچرز شامل کرنے کے علاوہ کیمرہ، بلو ٹوتھ اور مائیکرو ایس ڈی کارڈ سلوٹ بھی شامل کر دی گئی ہے جبکہ اس کی قیمت بھی انتہائی کم رکھی گئی ہے۔
نئے 3310 کا ڈیزائن پہلے کے مقابلے میں خاصا مختلف ہے اور اس میں بلیک اینڈ وائٹ سکرین کی جگہ رنگین سکرین کا استعمال کیا گیا ہے۔ 2 میگا پکسل ایل ای ڈی فلیش کیمرے سے مزین اس فون کی سکرین کا سائز 2.4 ہے جبکہ اس مائیکرو یو ایس بی چارجنگ پورٹ، ہیڈ فون جیک، 16 ایم بی سٹوریج بھی شامل کی گئی ہے۔
TapMad نے ہمہ وقت سرگرم رہنے والوں کے لئے انٹرٹینمنٹ کی نئی دنیا متعارف کروادی
اگرچہ اس فون میں وائی فائی اور جی پی ایس وغیرہ شامل نہیں ہیں مگر پھر بھی اس پر 2.5 جی انٹرنیٹ چلایا جا سکتا ہے۔ اس میں ایم پی تھری پلیئر اور ایف ایم ریڈیو بھی شامل ہے جبکہ اس میں 1200 ایم اے ایچ کی بیٹری استعمال کی گئی جسے ایک چارج کے بعد 22 گھنٹے تک مسلسل فون کال کی جا سکتی ہے اور اس کا سٹینڈ بائی ٹائم ایک مہینے تک ہے۔
اس فون کو رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں دنیا بھر میں 50 ڈالرز (تقریباً5,241 پاکستانی روپے ) میں فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا۔