بلیک بیری نے پاکستان میں اپنی سروس بند کرنے کا فیصلہ 30 دسمبر تک ملتوی کر دیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی بلیک بیری لمیٹڈ نے پاکستان میں اپنی سروس بند کرنے کی مدت میں 30 دسمبر تک اضافہ کردیاہے ۔واضح رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی نے رواں برس جولائی میں بلیک بیری سے اس کی بلیک بیری انٹرپرائز سروسز تک رسائی کا مطالبہ کیا تھا، جس میں ای میلز اور میسنجر میسجز بھی شامل تھے، دوسری صورت میں کمپنی کو اپنی سروس 30 نومبر تک بند کرنے کا کہا گیا تھا۔ڈان نیوزکے مطابق پی ٹی اے کے چیئرمین سید اسماعیل شاہ نے ڈیڈ لائن میں ایک ماہ کی توسیع کی تجویز دی جبکہ اس کی تصدیق بلیک بیری نے بھی اپنی ویب سائٹ پر کردی ہے۔اسماعیل شاہ کے مطابق ڈیٹا تک رسائی کی سطح کا معاملہ ابھی بھی زیر بحث ہے، ہم ڈیڈ لائن میں اضافہ کرسکتے ہیں اور وہ تب تک اپنا آپریشن جاری رکھ سکتے ہیں۔اس سے قبل بلیک بیری کمپنی نے 30 نومبر کے بعد سے پاکستان میں اپنا آپریشن بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔بلیک بیری کی آفیشل ویب سائٹ پر شائع ہونے والے بیان کے مطابق” کمپنی پاکستان سے بے دخل ہورہی ہے، کیونکہ پاکستان میں ہماری موجودگی، ہمارے صارفین کی رازداری کے تحفظ سے ہماری وابستگی پر اعتراض پیدا کرسکتی ہے“۔ان کا مزید کہنا تھا”پاکستان کی جانب سے ملک میں ہمارے صارفین کے کمیونیکشین ڈیٹا تک مکمل رسائی کے مطالبے نے ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں چھوڑا کہ ہم مکمل طور پر یہاں سے چلے جائیں“۔