فیس بک آپ کے بارے میں آپ سے زیادہ جانتی ہے، اگر یقین نہ آئے تو اس ”پلگ ان“ کی مدد سے دیکھ لیں
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) فیس بک آپ کے متعلق اتنا کچھ جانتا ہے جتنی آپ کی سوچ ہے۔ ماہرین نے اب ایک ایسا ”پلگ ان“ بنا دیا ہے جس کے ذریعے آپ یہ جان سکتے ہیں کہ فیس بک آپ کے بارے میں کیا کچھ جانتا ہے۔ یہ تو ہم سبھی کو معلوم ہے کہ فیس بک اپنے 2ارب صارفین کا ڈیٹا اپنے پاس محفوظ کرتا ہے۔ یہی نہیں وہ صارفین کا ڈیٹا انسٹاگرام اور واٹس ایپ سے بھی لیتا ہے اور بروکرز سے بھی خریدتا ہے۔ بعدازاں فیس بک یہ ڈیٹا اشتہاری کمپنیوں کو فروخت کرتا ہے جو صارفین کے مزاج کے مطابق ان کو اشتہارات دکھاتے ہیں۔ خود فیس بک بھی اسی ڈیٹا کے لحاظ سے صارفین کی وال پر اشتہارات لگاتا ہے۔ اب اس پلگ ان کے ذریعے آپ جان سکتے ہیں کہ فیس بک کے پاس آپ کا کون سا ڈیٹا محفوظ ہے۔
واٹس ایپ پر ایک ایسے جدید یورپی ملک میں پابندی لگ گئی جس کا کسی نے سوچا بھی نہ تھا
برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق یہ پلگ ان ”پروپبلیکا“ (ProPublica)نامی کمپنی نے بنایا ہے۔ دراصل یہ پلگ ان معروف براﺅزر گوگل کروم کی ایکسٹینشن ہے جسے آپ کروم میں انسٹال کرکے اپنا ڈیٹا دیکھ پائیں گے۔ عام طور پر فیس بک صارفین کا جو ڈیٹا حاصل کرتا ہے وہ مختلف مینیوز میں خفیہ طور پر محفوظ ہوتا ہے۔ اس ایکسٹینشن کے ذریعے وہ خفیہ ڈیٹا نہ صرف آپ کے سامنے آ جائے گا بلکہ آپ اس کی درستگی کے بارے میں اپنی رائے بھی دے سکتے ہیں۔ پروپبلیکا کا کہنا ہے کہ ”فیس بک اپنے صارفین کا 98طرح کا ڈیٹا اپنے پاس محفوظ کرتا ہے۔ ان میں صارف کی جگہ، عمر، نسل، جنس، زبان، تعلیمی قابلیت، سکول، گھر کی مالیت، پراپرٹی کا سائز، گاڑی، گاڑی کی مالیت، گھر کا سازوسامان، مشاغل، دوستوں کی تفصیلات وغیرہ وغیرہ شامل ہیں۔ان میں ایسے پوائنٹ بھی شامل ہیں جو کسی صارف کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہوں گے کہ فیس بک ان کے متعلق یہ بھی جانتا ہے۔ غرض فیس بک اپنے صارفین کے متعلق جتنا کچھ جانتا ہے خود صارفین اپنے متعلق اتنا نہیں جانتے۔