ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈاکٹروں کا احتجاج، نعرے بازی
شیخوپورہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) مریضوں کے لواحقین کی طرف سے نرس پر تشدد اور ایمرجنسی میں توڑ پھوڑ کیخلاف ڈاکٹروں نے احتجاج کیا اور حکومت اور ذمہ داران کیخلاف نعرے بازی کی ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزگوجرانوالہ روڑ پر ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان زخمی ہو گیاتھاجسے ہسپتال لایا گیا تو ایمرجنسی میں مبینہ طورپر کوئی ڈاکٹر ہی موجود نہیں تھااورنوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔نوجوان کی ہلاکت کے بعد لواحقین مشتعل ہو گئے اورہسپتال میں دھاوابول دیا، توڑ پھوڑبھی کی اورایک نرس کو بھی پیٹ ڈالاجبکہ میڈیا کے نمائندے کوریج کرنے پہنچ گئے ، دنیا نیوز کے مطابق ڈاکٹروں نے میڈیا کے نمائندوں کو کوریج سے روکنے کے لیے ان کے ساتھ ہاتھا پائی کی اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
مریض کے لواحقین کی طرف سے نرس کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے اور ڈاکٹروں کی سیکیورٹی یقینی نہ بنائے جانے کے خلاف ڈاکٹروں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں احتجاج کیا اور علامتی احتجاجی ریلی نکالی ۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور نعرے لگاتے رہے ۔