دریائے چناب اور دریائے جموں توی میں نچلے درجے کا سیلاب پانی کی کمی کی وجہ سے ختم
سیالکوٹ (صباح نیوز)مقبوضہ کشمیر سے آنے والے دریائے چناب اور دریائے جموں توی میں نچلے درجے کا سیلاب پانی کی کمی کی وجہ سے ختم ہوگیا ہے اور دونوں دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں ، محکمہ ایری گیشن کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ بارہ ہزار کیوسک سے کم ہوکر 73ہزار ستاسی کیوسک رہ گئی ہے اور دریائے جموں توی کے پانی کی آمد میں بھی کمی واقع ہوئی ہے اور اس کی آمد آٹھ ہزار ایک سو بیاسی کیوسک ہے جبکہ دریائے مناور توی کے پانی کی آمد دوہزار چار سو اٹھانوے کیوسک ہے ، محکمہ ایری گیشن کے مطابق دریائے چناب سے ہیڈمرالہ سے نکلنے والی ایک نہر مرالہ راوی لنک میں بائیس ہزار کیوسک اور نہراپرچناب میں تیرہ ہزار کیوسک پانی چھوڑا جارہا ہے ،دریائے چناب اور دریائے جموں توی کے سیلابی پانی کی وجہ سے علاقہ بجوات کے ہزاروں ایکٹر زرعی اراضی پر پانی پھیلا ہوا ہے اور مکینوں کی آمدرفعت کا سلسلہ بھی رکا ہوا ہے تاہم مکین ٹریکٹر ٹرالیوں پر کرایہ دے کر سفر کرنے پر مجبور ہیں ،مکینوں کے مطابق دکھ کی گھڑی میں حکومتی نمائندے غائب ہیں اور متاثرین کا کوئی پرسان حال نہ ہے .