صوبائی وزیر بلدیات کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ ،اربن فلڈنگ سے شہر کو محفوظ رکھنے کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا
سیالکوٹ (ڈیلی پاکستان آن لائن )صوبائی وزیر بلدیات اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب محمد منشاءاللہ بٹ نے آج میئر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ چودھری توحید اختر اور ڈپٹی میئر چودھری بشیر احمد کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور اربن فلڈنگ سے شہرکو محفوظ رکھنے کیلئے مونسپل کارپوریشن ،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی زیر نگرانی کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔ رکن صوبائی اسمبلی چودھری ارشد وڑائچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیالکوٹ ڈاکٹر عمر شیر چٹھہ،سی او ایم سی ایس ظفر قریشی، اے سی سیالکوٹ شاہد عباس، ایکسئین پی ایچ ای ڈی جاوید پرواز، چودھری سیف اللہ اور شیخ ناصر کے علاوہ متعلقہ محکموں کے مقامی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
صوبائی وزیر بلدیات اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے نالہ بھیڈ میں میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کی زیر نگرانی نالہ بھیڈ کی صفائی کا جائزہ لیتے ہوئے ایم سی ایس کے مقامی حکام کو ہدایت کی نالہ بھیڈ کی صفائی کیلئے ایکسی ویٹرز کے علاوہ دیگر جدید مشینوں کو استعمال کیا جائے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے۔ انہوں نے ماڈل ٹاو¿ن سیالکوٹ کے عامر اسٹریٹ میں نالہ بھیڈ کے ایڈیشنل واٹر وے منصوبے کا جائزہ لینے کے دوران محکمہ پبلک ہیلتھ کو مون سون کی بارشوں سے قبل اس منصوبے کو مکمل کرنے کی تلقین کی اور ہدایت کی کہ اس منصوبے کی نگرانی کیلئے قابل افسران تعینات کئے جائیں۔ صوبائی وزیر نے نالہ ایک میں قائم ہونے والی تجاوزات کا نوٹس لیتے ہوئے میئر میونسپل کارپوریشن کو تجاوز کنندگان سے سختی سے پیش آنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہاکہ پانی کے بہاو¿ میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور تجاوز کنندگان سے کوئی رورعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے محلہ اسلام آباد میں تعمیر کئے جانے والے واٹر ڈسپوزل اسٹیشن پر بجلی کے کنکشن کیلئے گیپکو حکام کو ہدایت کرتے ہوئے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کو یہ ڈسپوزل اسٹیشن چالو کرکے ایم سی ایس کے حوالے کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے یوسی فتح گڑھ کے علاقہ روحیل گڑھا میں سیوریج لائن ڈالنے کے منصوبے کو بھی جائزہ لیا اور منصوبے کو مفاد عامہ میں جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے ریگولیشن برانچ کو ہدایت کی زہرہ میموریل چوک اور روڈ کو تجاوزات سے پاک کیا جائے۔
قبل ازیں ٹریفک وارڈنز کے ایک وفد نے صوبائی وزیر سے ملاقات کی اور اپنے عارضی تعیناتی کو مستقل سیالکوٹ میں کرنے کی درخواست کی اور عزم کا اظہار کیا کہ وہ شہر میں ٹریفک کو کنٹرول کرنے میں ہر گز کوتاہی نہیں برتے گئے۔ صوبائی وزیر نے ٹریفک وارڈنز کو ان کے مسائل کی حل کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ ان کے مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ حکام سے بات کریں گے۔