موسلادھار بارش سے نالہ ڈیک میں طغیانی ، نشیبی علاقے زیرآب

موسلادھار بارش سے نالہ ڈیک میں طغیانی ، نشیبی علاقے زیرآب
موسلادھار بارش سے نالہ ڈیک میں طغیانی ، نشیبی علاقے زیرآب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سیالکوٹ (نامہ نگار) پسرور اور مقبوضہ کشمیر میں موسلا دار بارش ،نالہ ڈیک میں سیلاب آگیا جبکہ پسرور میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ۔تفصیلات کے مطابق نالہ ڈیک میں سیلاب کی وجہ سے تحصیل پسرور کے دیہات سیہووال ،دریا ننگل، عیس پور،شہزادہ، وائیں ،دھول باجوہ سمیت 10دیہات زیرآب آ گئے ۔نالہ ڈیک پر مشرقی سمت وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقیات احسن اقبال کی کوشش سے بند بنا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ڈیک کا پانی قلعہ احمد آباد ،پنج گرائیں باجوہ اور بدوملہی کی طرف نہیں نکلا جبکہ مغربی سائیڈ پر بند نہ ہونے سے سیلابی پانی کناروں سے باہر نکل آیا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر پسرور ظہیر لیاقت نے متاثرہ دیہات کا دورہ کیااس موقع پر اے سی پسرور نے بتایا کہ نالہ ڈیک میں مہتاب پور ہنجلی کے مقام پر 22ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے اور سیلاب سے کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا انہوں نے بتایا کہ تحصیل پسرور میں سیلاب سے متاثرہ دیہات میں امدادی سرگرمیوں کے لیئے محکمہ مال،تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن اور محکمہ صحت کا عملہ مستعد ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیئے چہور، پنج گرائیں باجوہ اور روپو والی میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کردیئے گئے ہیں جہاں بیماروں کو فری علاج اور مفت ادویات فراہم کی جائیں گی انہوں نے بتایا کہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس کے لیئے ہم نے عملہ کو ہر وقت مستعد رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ دریں اثنا پسرور شہراور گردونواح میں گزشتہ روز صبح 7سے10بجے تک مسلسل 3گھنٹے مُوسلا دار بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب گئے پسرور میں کلاسوالہ روڈ ،ستراہ روڈ،ریلوے روڈ ،کچہری ،شاہ ملوک روڈ ،امید پورہ،عنایت پورہ،رحمان پورہ،مسلم کالونی ،اسلام پورہ،غوثیہ آباد ،سینما روڈ ،نواز شریف روڈ ،محمد پورہ،نور پورہ ،بہادر پورہ ،حنیف پورہ اور امید پورہ کے علاقے زیرآب آ گئے بارش کی وجہ سے سڑکیں نہروں کا منظر پیش کرنے لگیں اور بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی منور علی گل،اے سی پسرور ظہیر لیاقت ،ایس ڈی او ٹی ایم اے ،ایس ڈی او ہائی وے اور ٹی ایم اے کا عملہ صفائی مسلم کالونی پہنچ گئے جہاں انہوں نے ہنگامی طور پر 2ایکسیویٹر مشنیں لگا کر نکاسی آب کا مسئلہ حل کیا اس کے بعد ایکسیویٹر مشینیں کلاسوالا روڈ پر عرصہ دراز سے بند پڑے ہوئے نالے کھولنے کا آغاز کر دیا ۔

مزید :

سیالکوٹ -