ڈبلیو ڈبلیو ای میں شلوار قمیض میں لڑنے والی ریسلر کی ویڈیووائرل
ممبئی (نیٹ نیوز)ڈبلیو ڈبلیو ای میں شلوار قمیض میں لڑنے والی ریسلر سامنے آگئی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔ کویتا دیوی بھارتی ریاست ہریانہ سے تعلق رکھتی ہیں اور انہوں نے گریٹ کھالی سے ان کی اکیڈمی میں تربیت حاصل کرکے ڈبلیو ڈبلیو ای کے پہلے مائی ینگ کلاسیک ویمن ٹورنامنٹ میں گزشتہ ماہ ڈیبیو کیا۔اہم بات یہ ہے کہ وہ رنگ میں شلوار قمیض میں جاکر لڑتی ہیں۔کویتا دیوی سابق پاور لفٹر اور ایم ایم اے فائٹر رہ چکی ہیں جبکہ وہ ایک پولیس آفیسر بھی تھیں مگر اب وہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں کیرئیر بنانے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔تاہم بدقسمتی سے اس خاتون کو پہلے میچ میں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا اور ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ کا حصہ بننا اچھا تجربہ تھا کیونکہ اس میں دنیا بھر کی ریسلرز شریک تھیں۔کویتا دیوی پہلی بھارتی ڈبلیو ڈبلیو ای ویمن چیمپئن بننے کا عزم رکھتی ہیں اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا چاہتی ہیں۔