مفت ٹکٹ کسی صورت نہیں ملیں گے ، بورڈ کا ایل سی سی اے کو کرارا جواب
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پی سی بی نے لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کو مفت ٹکٹیں دینے سے معذرت کرلی، حکام نے عبوری کمیٹی سے کہا ہے کہ ٹکٹیں نہ صرف قیمت ادا کرنے پر ملیں گی بلکہ حصول کیلیے تحریری طور پر درخواست بھی دینا ضروری ہوگی۔عبوری کمیٹی نے ٹکٹوں کے حصول کیلیے تینوں زونز کو آگاہ کرنے کی ہدایت کر دی۔ ذرائع کے مطابق لاہور کرکٹ کی عبوری کمیٹی کے چیئرمین عمران بچہ نے گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرکے ٹکٹیں دینے کی درخواست کردی، بورڈ حکام کی طرف سے صاف صاف کہہ دیا گیاکہ مفت ٹکٹیں تو کسی صورت نہیں مل سکتیں، قیمت ادا کرنا ہو گی اور حصول کیلیے تحریری طور پر درخواست دینا بھی ضروری ہوگا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ماضی میں انٹرنیشنل کرکٹ ٹیموں کی لاہور آمد کے موقع پر ایل سی سی اے پی سی بی سے کمپلیمنٹری پاسز اور گیٹ منی کی مد میں اچھی خاصی رقم حاصل کرتا رہا تھا تاہم سابق چیئرمین پی سی بی لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیا کے دور میں یہ پریکٹس ختم کر دی گئی، یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ عمران بچہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کی وجہ سے ورلڈ الیون کے خلاف سیریز کا کنٹرول پی سی بی اور حساس اداروں کے پاس ہے، ہم نے ٹکٹوں کے حصول کے لیے پی سی بی سے رابطہ کیا ہے، ہمیں بتایا گیاکہ ٹکٹوں کے حصول کے لیے تحریری طور پر درخواست دیں، لاہور کے تمام زونز کے عہدیداروں پر واضح کر دیا گیا ہے کہ انھیں کتنی مالیت کی کتنی ٹکٹیں چاہئے، اس کے بارے میں آگاہ کر دیا جائے۔