21سال بعد دوبارہ پاکستان آیالوگوں نے بھرپورپیاردیا، رچی رچرڈسن
لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی کے میچ ریفری رچی رچرڈسن نے کہا ہے کہ میں آخری بار1996ء میں پاکستان آیا تھا اور آج 21سال بعد دوبارہ پاکستان آنے پر پرجوش ہوں ، ہمارا یہ قدم کھیل اور کھلاڑی سے محبت کرنے والی پاکستانی قوم کے گراؤنڈ آباد کرنے کے لئے ہے، یہاں کے لوگوں سے مجھے بھرپور پیار ملا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ایوارڈتقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی سی سی کے میچ ریفری رچی رچرڈسن کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان میں کھیلوں کے میدان ایک بار پھر آباد ہوں، پاکستانی قوم بہت پیار دینے والی قوم ہے، میں جب بھی یہاں آیا ، پاکستانیوں کی جانب سے بھرپور پیار اور حوصلہ ملا ، اسی حوصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی نے یہاں کے میدان آباد کرنے کی کوشش کی ہے اور مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ اس کوشش میں مجھے بھی شرکت کا موقع مل رہا ہے۔