آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ میں ملوث اجیت چنڈیلا پر تاحیات پابندی عائد

آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ میں ملوث اجیت چنڈیلا پر تاحیات پابندی عائد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نئی دہلی(اے پی پی) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی پی ایل سپاٹ فکسنگ میں ملوث آف سپنر اجیت چنڈیلا پر تاحیات کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز ممبئی میں بی سی سی آئی کی انضباطی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اجیت چنڈیلا پر بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی سات دفعات کی خلاف ورزی کا الزام ثابت ہوا ہے۔
بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ چنڈیلا کے کرکٹ میچوں یا کھیل سے وابستہ کسی بھی سرگرمی میں شرکت اور بورڈ کے معاملات سے کسی بھی قسم کا تعلق رکھنے پر تاحیات پابندی ہو گی۔ 2013 میں سپاٹ فکسنگ کے الزامات اور اجیت چنڈیلا سمیت دو دیگر کھلاڑیوں کی گرفتاری سے آئی پی ایل کا چھٹا ایڈیشن تنازعات کا شکار ہوگیا تھا۔ دہلی پولیس نے 16 مئی 2013 کو راجستھان رائلز کے سری سانتھ، اجیت چنڈیلا، انکیت چوہان اور 16 سٹے بازوں کو میچ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ دہلی پولیس کے مطابق تینوں کھلاڑیوں نے سٹے بازوں کے ساتھ مل کر پونے واریئرز، کنگز الیون پنجاب اور ممبئی انڈینز کے خلاف کھیلے گئے میچ فکس کئے تھے۔ بعدازاں بھارتی کرکٹ بورڈ نے ستمبر 2013 میں سری سانتھ اور انکیت چوہان پر تاحیات پابندی عائد کر دی تھی۔
جبکہ چنڈیلا پر اب یہ پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی نے ایک اور مقامی کھلاڑی ہکن شاہ ہر بھی پانچ سال کی پابندی عائد کی ہے۔