ڈومنی اور طاہر کی تباہ کن باؤلنگ،جنوبی افریقہ سری لنکا کو روند کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ڈومنی اور طاہر کی تباہ کن باؤلنگ،جنوبی افریقہ سری لنکا کو روند کر سیمی فائنل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 سڈنی( افضل افتخار سے ) عمران طاہر اور ڈومینی کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر گیارہویں ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، شکست کے بعد آئی لینڈرز عالمی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پروٹیز باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے سری لنکا کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، سنگاکارا اور تھریمانے کے سوا کوئی بھی کھلاڑی پروٹیز باؤلرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور کرنے میں ناکام رہے۔ سنگاکارا 45 اور تھریمانے 41 رنز بنا کر نمایاں رہے، عمران طاہر نے 4 اور ڈومینی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جواب میں پروٹیز نے مطلوبہ ہدف 18 اوورز میں ایک وکٹ پر حاصل کیا، کوئنٹن ڈی کوک نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ عمران طاہر کو عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سری لنکن قائد اینجیلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، سری لنکن اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور 4 رنز پر دونوں اوپنرز آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئی، کوسل پریرا 3 اور دلشان صفر پر آؤٹ ہوئے، اس موقع پر سنگاکارا اور تھریمانے نے محتاط بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن 69 رنز پر تھریمانے عمران طاہر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو کر سنگاکارا کا ساتھ چھوڑ گئے، تھریمانے 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مہیلا جے وردھنے بھی بیٹنگ کا جادو چلانے میں ناکام رہے اور 4 رنز بنا کر عمران طاہر کی گیند کا نشانہ بنے، 114 کے مجموعی سکور پر سری لنکا کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب کپتان میتھیوز 19 رنز بنانے کے بعد جے پی ڈومینی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، اگلے اوور میں ڈومینی نے مسلسل دو گیندوں پر کولاسیکرا اور تھاریندو کوشل کو آؤٹ کر دیا، سیکرا ایک اور تھاریندو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، 127 کے مجموعی سکور پر آئی لینڈرز کی آخری امید بھی دم توڑ گئی اور سنگاکارا 45 رنز بنانے کے بعد مورکل کی گیند کا نشانہ بنے، 133 کے سکور پر سری لنکا کی آخری وکٹ گری جب لاستھ مالنگا تین رنز بنانے کے بعد عمران طاہر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، عمران طاہر نے 4، جے پی ڈومینی نے 3 جبکہ ڈیل سٹین، کائل ایبٹ اور مورنے مورکل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 134 رنز کے ہدف کے تعاقب کیلئے پروٹیز ٹیم جب میدان میں اتری تو ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کوک نے 6.4 اوورز میں ٹیم کو 40 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، آملہ 16 رنز بنانے کے بعد لاستھ مالنگا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اس کے بعد ڈی کوک اور فاف ڈوپلیسی نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر آئی لینڈرز کے باؤلرز کا مقابلہ کیا اور دوسری وکٹ میں 94 قیمتی رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو 18 اوورز میں فتح دلا دی، کوک 78 اور ڈوپلیسی 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ مالنگا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جنوبی افریقن ٹیم سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم کے مدمقابل ہو گی۔