بنگالی ٹائیگرزنے100واں ٹیسٹ تاریخی بنالیا ، سری لنکاکو 4وکٹوں سے شکست

کولمبو(آئی این پی)بنگلہ دیش نے سری لنکا کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دیکر اپنے 100ویں ٹیسٹ میں تاریخی فتح حاصل اور سیریز 1-1سے برابر کردی ،بنگلہ دیش کی ٹیم نے 191رنز کا ہدف6وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال82،صابر رحمان 22رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔بنگلہ دیش کے تمیم اقبال کو میچ کا بہترین اور شکیب الحسن کو سیریز کا بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا ۔ کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے 268 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو دلوروان پریرا اور سورنگا لکمل وکٹ پر موجود تھے۔ دونوں کھلاڑیوں نے مشکل وقت میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نویں وکٹ کیلئے 80 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کی ٹرپل سنچری مکمل کرائی۔ اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب پریرا وکٹوں کے درمین غلط فہمی کے نتیجے میں رن آؤٹ ہو گئے جبکہ ایک رن کے اضافے سے شکیب نے لکمل کی مزاحمت کا بھی خاتمہ کردیا۔ پہلی اننگز کے خسارے کے سبب اس عمدہ شراکت کے باوجود سری لنکا کی ٹیم بنگلہ دیش کو 191 رنز کا معمولی ہدف دینے میں ہی کامیاب ہو سکی۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 22 رنز پر ہی دو وکٹوں سے محروم ہو گئی لیکن تمیم اقبال نے تجربے کو برائے کار لاتے ہوئے سری لنکن باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ انہوں نے 41 رنز بنانے والے صبار رحمان کے ساتھ مل کر 109 رنز کی فتح گر شراکت قائم کی اور 82 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔ صابر سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہو سکی اور وہ بھی 144 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکا کی جیت کی موہوم سی امید اس وقت پیدا ہوئی جب شکیب کی اننگز بھی 15 رنز پر تمام ہوئی لیکن دوسرے اینڈ پر موجود کپتان مشفیق الرحیم نے اپنی ٹیم کی کا بیڑا اٹھا لیا۔ ہدف تک رسائی سے دو رنز قبل مصدق حسین بھی آؤٹ ہو گئے لیکن مہدی حسن نے دو رنز لے کر اپنی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی بنگلہ دیش نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے 100ویں میچ کو بھی یادگار بنا لیا اور دونوں اننگز میں عمدہ بیٹنگ پر تمیم اقبال کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان سیریز 1۔1 سے برابری پر ختمہوئی جس میں شکیب الحسن کو بہترین آل راؤنڈر کارکردگی پر سیریز کا بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔