ڈیوس کپ،قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ آج شروع ہوگا


اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان ٹینس فیڈریشن(پی ٹی ایف) کے زیر اہتمام ہانگ کانگ کے خلاف ڈیوس کپ کی تیاری کے لئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ (آج) منگل سے لاہور میں شروع ہوگا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری محمد خالد رحمانی کے مطابق تربیتی کیمپ میں عقیل خان، محمد عابد مشتاق اور یاسر خان تربیت حاصل کریں گے اور انہیں محمد خا لد صدیق تربیت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی کا سیمی فائنل 7 سے 9 اپریل تک پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگی اور ہانگ کانگ کی ٹیم کی ٹائی مین شرکت کیلئے 3 اپریل کو آمد متوقع ہے۔قومی ٹیم اعصام الحق‘ عقیل خان، محمد عابد مشتاق اور یاسر خان پر مشتمل ہے۔واضح رہے کہ پاکستان نے فروری میں ایران کو 3-2 سے ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔