سٹے بازوں کاپاکستانی کرکٹرسے رابط،کھلاڑی نے بورڈ کوبتادیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری سیریز کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ایک اہم ترین کھلاڑی سے ایک سٹے باز نے رابطہ کیا اور اسے اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی۔پاکستان کرکٹ بورڈ اینٹی کرپشن یونٹ کے ایک سرکردہ افسر نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ کرکٹرز نے فوری طور پر اس کی اطلاع ٹیم انتظامیہ اور اینٹی کرپشن یونٹ کو دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی کے ہوٹل میں ہونے والی پیشکش کے بعد کھلاڑی رات بھر سو نہیں سکا لیکن صبح اس نے پیشکش کو رپورٹ کرکے ذمے داری کا ثبوت دیا۔اس نئی پیشکش کے بعدپاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کے آنکھیں کھلی رہ گئیں۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے پاس آئی سی سی اور بر طانوی کرائم ایجنسی کے توسط سے مصدقہ اطلاعات تھیں کہ سٹے بازوں کا نیٹ ورک اب بھی پاکستانی کرکٹرز کے پیچھے ہے ۔ان اطلاعات کے بعد جب پاکستانی ٹیم لاہور سے دبئی پہنچی تو اینٹی کرپشن یونٹ نے ٹیم انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ کھلاڑیوں پر کر فیو ٹائمنگ دوبارہ لاگو کردیا جائے۔ نئے کر فیو ٹائمنگ کے مطابق میچ کے بعدکھلاڑیوں کو رات ساڑھے گیارہ بجے اپنے کمروں میں واپس آنا ہے۔ اگر کوئی کھلاڑی تاخیر سے آتا ہے تو اس کی اطلاع پیشگی ٹیم انتظامیہ کو دے گا۔
دبئی ہوٹل سے متصل شاپنگ مال اور سنیما بھی ہیں۔ کھلاڑی اکثر اپنے اہل خانہ کے ساتھ شاپنگ مال میں دکھائی دیتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی کرکٹر کو نئی پیشکش کے بعد پاکستانی ٹیم انتظامیہ الرٹ ہوگئی ہے اور کھلاڑیوں کو خبردار کردیا گیا ہے۔ کھلاڑی بھی کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہیں۔