رونچی کی شاندار بیٹنگ، نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو پانچویں ون ڈے میں شکست دیدی

رونچی کی شاندار بیٹنگ، نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو پانچویں ون ڈے میں شکست دیدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ڈونیڈن (سپورٹس ڈیسک) لیوک رونچی اور گرانٹ ایلیٹ کی شاندار ناقابل شکست سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ نے سری لنکا کی ٹیم کو سات ون ڈے میچوں کی سیریز کے پانچویں میچ میں 108 رنز سے ہرا کر سیریز میں 3-1 کی واضح برتری حاصل کرلی۔ جمعہ کو یونیورسٹی اوول ‘ ڈونیڈن میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو سری لنکن کپتان تھریمانے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کیویز کا آغٖاز کچھ خاص نہ تھا اور اس کے پہلے دو کھلاڑی 51 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے ، مارٹن گپٹل کوئی رن بنائے بغیر کولاسیکرا کی گیند پر سنگا کارا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، کپتان برینڈن میکولم دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 25 رنز بناکر کولاسیکرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، کین ولیمسن تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 26 رنز بناکر پریرا کی گیند پر سنگا کار کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، روز ٹیلر 20 رنز بناکر تھریمانے کی گیند پر کرونارتنے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، کورے اینڈرسن پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 8 رنز بناکر تھریمانے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد لیوک رونچی اور گرانٹ ایلیٹ نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے آئی لینڈرز کے باؤلرز کی خوب دھلائی کی اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی سنچریاں بھی مکمل کیں، دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 274 قیمتی رنز بناکر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ لیوک رونچی نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف ناقابل شکست ڈبیو سنچری سکور کی بلکہ اپنی ون ڈے کی کیریئر بیسٹ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار اد ا کیا، انہوں نے 170 اور گرانٹ ایلیٹ نے ناقابل شکست 104 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 360 رنز بنا کر سری لنکا کے لیے رنزوں کا پہاڑ کھڑا کردیا اور انکو میچ میں کامیابی کے لیے 361 رنز کا ہدف دیا۔ سری لنکا کی طرف سے نوان کولاسیکرا اور تھریانے نے دو دو جبکہ پریرا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں تھریمانے اور تلکارتنے دلشان نے اننگز کا آغاز شاندار کیا۔ کپتان تھریمانے 45 رنز بناکر ایلیٹ کی گیند پر ٹیلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، کمارسنگا کارا 9 رنز بناکر ایلیٹ کی گیند پر نیتھن میکولم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، مہیلا جے وردھنے 30 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، اس موقع پر تلکارتنے کی اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ 116 رنز بناکر مکللین گھن کی گیند پرنیتھن میکولم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، یہ تلکارتنے دلشان کی ون ڈے کیریئر کی 20 ویں سنچری تھی۔ انکے بعد آئی لینڈرز نے پویلین جانے میں بہت جلدی بازی کا مظاہرہ کیا۔ یوں سری لنکن ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کی کوشش میں 43.4 اوورز میں 252 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور کیویز کو سات میچوں کی سیریز میں 3-1 کی واضح برتری حاصل ہوگئی۔کیویز کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرینٹ بولٹ نے 4 جبکہ ٹم ساؤتھی، مکللین گھن اور گرانٹ ایلیٹ نے 2‘ 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔