چیمپیئنز ٹرافی کی فتح نے قومی کرکٹرز کو اعتماد دیا :سرفراز احمد

چیمپیئنز ٹرافی کی فتح نے قومی کرکٹرز کو اعتماد دیا :سرفراز احمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)چیمپئنز ٹرافی کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی فتح نے قومی کرکٹرز کو اعتماد دیا ۔ چیمپئنز ٹرافی کی فتح کے بعد تمام کھلاڑیوں کو مستقل مزاجی سے کارکردگی دکھانی ہوگی۔کوشش ہے کہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے۔بیٹنگ آرڈر کو اس وقت چھیڑنا مناسب نہیں ۔ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی تو وہ فتوحات کا تسلسل جاری رکھنے کی پوری کوشش کرینگے ۔ چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان سرفراز احمد نے برطانوی نشریاتی ادارے کو کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ اس عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھا جائے ۔سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی فتح نے قومی کرکٹرز کو ایک نیا حوصلہ اور اعتماد دیا ہے اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ تمام کھلاڑیوں نے اپنا قدرتی کھیل کھیلا ہے۔سرفراز احمد نے کہاکہ قومی کرکٹ ٹیم پر بہت زیادہ تنقید ہوتی رہی ہے کہ وہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق کرکٹ نہیں کھیل رہی، جب وہ کپتان بنے تو انھوں نے اپنے تجرے کی بنیاد پر کھلاڑیوں سے صرف یہ بات کہی کہ وہ جو کھیل ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلتے ہیں اسی بے خوفی اور اعتماد کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی کھیلیں۔ نوجوان کرکٹرز نے اس پر عمل کیا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔سرفراز احمد اپنا بیٹنگ آرڈر اوپر کرنے کے حق میں نہیں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ بابراعظم محمد حفیظ اور شعیب ملک کے بیٹنگ آرڈر کو اس وقت چھیڑنا مناسب نہیں کیونکہ یہ تینوں اس وقت اچھی کارکردگی دکھارہے ہیں۔سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اگر انہیں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی تو وہ فتوحات کا تسلسل جاری رکھنے کی پوری کوشش کرینگے۔قبل ازیں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتا کہ چیمپئنزٹرافی کا میچ جیت کر تیس مار خان بن گیا ہو ں لیکن جب ویرات کوہلی آوٹ ہوا تو60فیصد جیت کا یقین ہوگیا تھا۔کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم کا ہر لڑکا میچ کے دوران اللہ کا ذکر کرتا رہا جبکہ فائنل میں ٹاس ہارنے پر خدا کا شکر ادا کیاتھا، جتنا پریشر پہلے میچ میں تھا اتنا فائنل میں نہیں تھا اور میں نے سوچا نہیں تھا انڈیا کی ٹیم اتنی آسانی سے ڈھیر ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ حسن علی کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے،میں سر ی لنکا میچ میں تھوڑا نروس ہوگیا تھالیکن اس میچ میں اللہ کی خاص رحمت تھی جبکہ بچپن میں معین خان آئیڈل تھے ان کو فالو کیا۔
یاد رہے کہ گذشتہ اتوار کو پاکستان نے چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو 180 رنز کی بدترین شکست دی تھی۔