انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ 2 اگست سے شروع ہوگا
لندن (نیٹ نیوز) انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین کرکٹ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 2 اگست سے لیڈز میں شروع ہوگا۔ انگلینڈ ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اینڈریو سٹراس نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میں شکست سے حوصلے پست نہیں ہوئے، دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کر لیں گے۔ انگلش ٹیم نے آسٹریلیا، بھارت اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کو شکست دے کر آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی لیکن جنوبی افریقہ کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد اس کی پوزیشن کو خطرہ ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں بلے بازوں سے غلطیاں ہوئیں جن پر قابو پانا ضروری ہے اور وہ سیریز میں جاندار کم بیک کرنے کےلئے پر عزم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی پہلا ٹیسٹ ہارنے کے بعد ہم نے سیریز میں کم بیک کیا اور آئندہ بھی اسی روایت کو دہرانے کےلئے تیار ہیں۔