برازیل فیفا ورلڈکپ فائنلز میں جگہ بنانیوالی پہلی ٹیم بن گئی
ریو ڈی جنیرو(اے پی پی) برازیلین ٹیم نے 2018ء روس میں شیڈول فیفا ورلڈکپ فٹ بال ٹورنامنٹ کیلئے کوالیفائی کر لیا، برازیل نے پیراگوئے کو ہرا کر ایونٹ تک رسائی حاصل کرنے والی پہلی ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے، ارجنٹائنی ٹیم بولیویا کے ہاتھوں شکست کے بعد براہ راست رسائی کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔ ورلڈکپ 2018ء کوالیفائرز کے سلسلے میں کھیلے گئے میچ میں برازیل نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پیراگوئے کو با آسانی 3-0 گولز سے ہرا کر کامیابی سمیٹی اور اس کے ساتھ ہی میگا ایونٹ کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا، برازیلین ٹیم ساؤتھ امریکہ ورلڈکپ کوالیفائنگ میں 33 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے، اسی گروپ کے ایک اور میچ میں بولیویا نے ارجنٹائن کو 2-0 گولز سے ہرا کر کامیابی حاصل کی، شکست کے بعد ارجنٹائن کا میگا ایونٹ میں براہ راست رسائی کا خواب بھی ادھورا رہ گیا۔