ورلڈ کپ میں بھارت کو مند پسند وکٹیں دی گئیں: سرفراز نواز
کراچی (آن لائن) پاکستان کے سابق فاسٹ باﺅلرسرفراز نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ ورلڈ کپ میں بھارت کو من پسند وکٹیں فراہم کی گئی ہیں،بھارتی ٹیم کئی ماہ سے آسٹریلیا میں موجود اور ورلڈ کپ سے قبل اس نے ایک میچ بھی نہیں جیتا تھا مگر پھر اچانک میگا ایونٹ میں اس نے دھڑا دھڑ کامیابیاں حاصل کرنا شرع کردیں، اس دوران اس نے نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی افریقہ جیسی ٹیم کو بھی پچھاڑ دیا۔
سابق فاسٹ باﺅلر سرفراز نواز کاکہناتھاکہ وہ سمجھتے ہیں کہ آئی سی سی نے بھارت کے میچز کیلئے ایسی پچز تیار کرائیں جو کہ اس کی مضبوط بیٹنگ کے لئے موزوں ہیں، اب تک کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میچز کا اگر جائزہ لیا جائے تو یہ بات صرف محسوس کی جاسکتی ہے کہ وہ ان پچز پر کھیلا جو کہ اس کی مضبوطی کے لئے سازگار رہیں۔
سابق فاسٹ باﺅلر کا کہنا تھا کہ بھارت کے برعکس پاکستان کے میچز میں ایسی وکٹیں تیار کی جارہی ہیں جو کہ ان کے لئے پریشانی کا باعث بن رہی ہیں، زمبابوے سے میچ کو ہی دیکھ لیں وہ ”ڈبل پیس“ وکٹ تھی، جس میں بہت زیادہ باﺅنس تھا جو کہ ہماری مضبوطی کے برعکس تھا، میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اس معاملے کو آئی سی سی کے سامنے اٹھائے اور جو کچھ ہورہا ہے اس کا سدباب کرے۔