آئی سی سی کا ویمنزکرکٹ ورلڈ کپ کیلئے دگنی فنڈنگ کا اعلان ,ٹورنامنٹ کے 10 میچ ٹی وی پر لائیو نشر کیے جائیں گے, پاکستانی ٹیم 25 جون کو ساؤتھ افریقہ کے خلاف میدان میں اترے گی

آئی سی سی کا ویمنزکرکٹ ورلڈ کپ کیلئے دگنی فنڈنگ کا اعلان ,ٹورنامنٹ کے 10 میچ ...
آئی سی سی کا ویمنزکرکٹ ورلڈ کپ کیلئے دگنی فنڈنگ کا اعلان ,ٹورنامنٹ کے 10 میچ ٹی وی پر لائیو نشر کیے جائیں گے, پاکستانی ٹیم 25 جون کو ساؤتھ افریقہ کے خلاف میدان میں اترے گی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے خواتین کے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے ماضی کے برعکس دگنی فنڈنگ کا اعلان کرتے ہوئے خوشخبری دی ہے کہ پہلی مرتبہ  خواتین کے یہ عالمی مقابلے  بال ٹو بال ٹی وی پر بھی نشر کیے جائیں گے, ثنا  میر کی قیادت میں پاکستانی  وومن کرکٹ ٹیم اس عالمی مقابلے  میں اپنے پہلے میچ میں  25 جون کو ساؤتھ افریقہ سے پنجہ آزمائی کرے گی  ۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ اور ویلز میں جون سنہ 2017 سے شروع ہونے والے خواتین کے کرکٹ ٹورنامنٹ میں دو ملین ڈالر انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ سنہ 2013 میں یہ رقم صرف دو لاکھ ڈالر مقرر کی گی تھی۔خواتین کی کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کرکٹ ورلڈ کپ کے تمام میچ ٹی وی پر نشر کیے جائیں گے۔اس ٹورنامنٹ کے دس میچ ٹی وی پر لائیو نشر کیے جائیں گے جب کہ 11 میچز کو انٹرنیٹ پر لائیو سٹریم کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر آئی سی سی کے سربراہ ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ کہ اس موسم سرما میں منعقدہ ورلڈ کپ خواتین کرکٹ کی تاریخ میں اہم موڑ ثابت ہو گا، دنیا بھر میں خواتین کی سپورٹس میں دلچسپی بڑھ رہی ہے اور ہم چاہتے ہے کہ کرکٹ اس کا محور ہو اور خواتین کرکٹ سب کے لیے ایک مثال بنے۔انھوں نے مزید کہا کہ تبدیلی ایک رات میں نہیں آ سکتی تاہم خواتین کا کھیل کرکٹ کے عالمی فروغ کے لیے بہت اہم ہے،  اس برس کے اوائل میں ہونے والے خواتین کے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کی جھلکیاں 18 ملین افراد نے دیکھیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خواتین کی کرکٹ میں لوگوں کو دلچسپی ہے، خواتین کی ٹیمز کا مقابلہ سخت ہوتا جا رہا ہے اور یہی شائقین دیکھنا چاہتے ہیں۔

دوسری طرف انگلینڈ وومن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان شارلیٹ نے کہا میں بہت خوش ہوں کہ میں آئی سی سی کی کرکٹ کمینٹری کرنے والی ٹیم کا حصہ ہوں اور مجھے پورا یقین ہے کہ برطانیہ میں زبردست کرکٹ ہونے والی ہے، مجھے برطانیہ کی ٹیم کی سربراہی کرنے کی خوشی بھی یاد ہے اور یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ اس مرتبہ میں کمینٹری کرنے والی ٹیم کا حصہ ہوں۔یاد رہے کہ رواں  برس 24 جون سے لے کر 23 جولائی تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، انڈیا ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں۔اس سے قبل آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم نے سنہ 2013 میں کھیلے جانے والے عالمی کپ میں کامیابی حاصل کی تھی۔

ڈربی میں 25 جون کو ہونے والے اپنے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے مد مقابل ہو گی جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کے لیے دو جون کو برطانیہ کے لیے روانہ ہو رہی ہے۔اس سلسلے میں برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو  کرتے ہوئے پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ثنا میر نے کہا  کہ آئی سی سی کی جانب سے خواتین کھلاڑیوں کی محنت اور لگن کو تسلیم کرنے اور سرہانے کے سلسلے میں یہ ایک اہم پیش رفت ہے،ہم آئی سی سی کے شکر گزار ہیں کہ وہ خواتین کھلاڑیوں پر نہ صرف توجہ دے رہی ہے بلکہ ان کی حوصلہ افزائی بھی کی جا رہی ہے۔خیال رہے کہ ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے پاکستانی ٹیم اس وقت ایبٹ آباد میں موجود ہے۔

مزید :

کھیل -