چیمپینز ٹرافی:پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت19 رنز سے شکست دیدی
یہ لائیو سٹریم صرف پاکستان میں موجود صارفین کیلئے ہے
برمنگھم (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 19رنز سے شکست دیدی ہے ،پاکستان نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے گئے220رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور27 اوور ز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 119رنز بنا لیے تھے کہ بارش شروع ہوگئی تاہم مقررہ وقت تک بارش رکنے کا انتظار کیا گیا اور بارش نہ رکنے کی صورت میں پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 19رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور فخر زمان نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا ،ڈیبو کرنے والے کھلاڑی فخر زمان نے انتہائی پر اعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پروٹیز کے باولرز کے چھکے چھڑا دیئے اور 23گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے 31رنز بنائے لیکن وہ اپنی اننگ اسی انداز میں جاری نہ رکھ پائے اور کیچ آﺅ ٹ ہو گئے ۔ان کے بعد اظہر علی بھی 9رنز بنا کر پولین لوٹ گئے ۔ ان کے بعد محمد حفیظ اور بابر اعظم نے ذمہ داران کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کی بیٹنگ کو سہارا دیا مگر محمد حفیظ بھی 26رنز بنا کر مارکل کی گیند پر عمران طاہر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔
بابر اعظم 31اور شعیب ملک 16کے ساتھ بیٹنگ جاری رکھے ہوئے تھے کہ بارش شروع ہوگی ،اس وقت تک پاکستان نے 27اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 119رنز بنالیے تھے تاہم مقررہ وقت تک بارش رکنے کا انتظار کیا گیا لیکن بارش نہ رکنے پر ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پاکستان کو 19رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا اور مقرررہ 50اوورز میں8وکٹوں کے نقصان پر 219رنز بنائے جس میں ڈیوڈ ملر نے انتہائی شاندار بلے بازی کامظاہر ہ کرتے ہوئے ریت کی دیوار کی طرح گرتی ہوئی ٹیم کی وکٹوں کو روکا اور متوازن ہدف دینے میں بڑا کردار ادا کیا اور وہ 75رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔ان کے علاوہ ڈی کاک 33،مورس 28 پیلیسز اورربادا 26رنز کے بنانے میں کامیاب ہوئے ۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8اوورز میں 24رنز دے کر 3کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ، ،جنید خان اور عماد وسیم نے 2,2جبکہ محمد حفیظ نے ایک کھلاڑی کو پولین پہنچایا ۔
ٹاس کے موقع پر کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، ٹیم کا حوصلہ بلند ہے اور پچ کو سمجھتے ہیں اس لئے عمدہ کھیل پیش کریں گے۔
پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے احمد شہزاد اور وہاب ریاض کی جگہ جنید خان اور فخر زمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، فخر زمان، بابر اعظم، حسن علی، عماد وسیم، جنید خان، محمد عامر، محمد حفیظ، شاداب خان اور شعیب ملک شامل ہیں۔
جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت اے بی ڈویلیئرز کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ہاشم آملہ، کوانٹن ڈی کوک، فاف ڈوپلیسس، ڈیوڈ ملر، جے پی ڈومنی، کرس موریس، وین پارنیل، کاگیسو ربادا، مورنی مورکل اور عمران طاہر شامل ہیں۔