پہلا ٹیسٹ: تیسرے روز کا کھیل ختم، بھارت کے 4 وکٹوں پر 319 رنز، 218 رنز کے خسارے کا سامنا
راجکوٹ (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت اور انگلینڈ کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر بھارت نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 319 رنز بنا لئے ہیں اور اسے مزید 218 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ بھارت کی جانب سے مرلی وجے اور چتیشور پجارا نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے سنچریاں بنا کر میچ کو دلچسپ بنا دیا ہے۔
پہلا ٹیسٹ: انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 537 رنز پر آﺅٹ، بھارت نے بغیر کسی نقصان کے 63 رنز بنا لئے ، 474 رنز کے خسارے کا سامنا
تفصیلات کے مطابق بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بھارت نے بغیر کسی نقصان کے 63 رنز پر اپنی اننگز کا آغاز کیا تو جلد ہی انگلینڈ کو پہلی کامیابی حاصل ہو گئی اور گوتم گمبھیر 68 کے مجموعی سکور پر 29 رنز بنا کر سٹورٹ براڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ پہلی وکٹ گرنے کے بعد انگلش بلے بازوں کا صحیح امتحان شروع ہوا اور چتیشور پجارا اور مرلی وجے کے سامنے تمام بلے باز ہی بے بس نظر آئے تاہم 277 کے مجموعی سکور پر پجارا بین سٹوکس کی گیند پر کپتان الیسٹر کک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 17 چوکوں کی مدد سے 124 رنز بنائے۔ 318 کے مجموعی سکور پر مرلی وجے کی بہترین اننگز کا بھی اختتام ہو گیا اور وہ 126 رنز بنا کر عادل راشد کی گیند پر حسیب حمید کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ مجموعی سکور میں صرف ایک رن کے اضافے کے ساتھ ہی نئے آنے والے کھلاڑی امیت مشرا بھی پویلین لوٹ گئے اور یوں تیسرے روز کھیل کے اختتام پر بھارت کا سکور 319 رنز 4 کھلاڑی آﺅٹ رہا۔
انگلینڈ کی جانب سے سٹورٹ براڈ، ظفر انصاری، عادل راشد اور بین سٹوکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 537 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے تین بلے بازوں نے بھارتی باﺅلرز کی خوب دھلائی کی اور سنچریاں بنا کر پہلے میچ میں ہی بھارت کیلئے سخت مقابلے کا ’اعلان‘ کر دیا۔ بین سٹوکس نے 128، جو روٹ نے 124 اور معین علی نے 117 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں الیسٹر کک نے 21، حسیب حمید نے 31، بین ڈوکیٹ نے 13، جونی بیرسٹو نے 46، کرس ووکس نے 4، عادل راشد نے 5، ظفر انصاری نے 32 اور سٹورٹ براڈ نے 6 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے رویندرا جدیجہ سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد شامی، اومیش یادیو، روی چندرن ایشوین نے 2,2 اور امیت مشرا نے 1 وکٹ حاصل کی۔