ٹیسٹ سیریز میں ہونے والی شکست بھول کر میدان میں اتریں گے ، چیمپئنز ٹرافی کی کارکردگی کا معیار برقرار رکھیں گے:سرفراز احمد

کھیل

دبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہاہے کہ ٹیسٹ سیریز میں شکستوں کو بھول کر ون ڈے سیریز میں جیت کا عزم لئے میدان میں اتریں گے ٹیم سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی سری لنکن ٹیم بھی خاصی متوازن نظر آرہی ہے،اچھے مقابلے ہوں گے، ہمارے پاس آئی لینڈرز کو قابو کرنے کے لیے پیسرز کیساتھ سپن بولنگ میں بھی اچھے آپشن ہیں، حسن علی اور شاداب خان سمیت کھلاڑی چیمپئنز ٹرافی کی کارکردگی دہرانے کے لیے بیتاب ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے سر ی لنکا کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ کے لئے ٹیم کااعلان کر دیا

دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کی فتح کے بعد پہلی سیریز کھیل رہے ہیں، جب کہ تمام کھلاڑی کارکردگی کا معیار برقرار رکھنے کے لیے بھرپور جوش اور جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل فارمیٹ کے میچز میں تھوڑا تحمل کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے جب کہ ون ڈے میں تیزی سے اور جارحانہ فیصلے کرنا پڑتے ہیں، امید ہے کہ ٹیم سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔انھوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم بھی خاصی متوازن نظر آرہی ہے،اچھے مقابلے ہوں گے، ہمارے پاس آئی لینڈرز کو قابو کرنے کے لیے پیسرز کیساتھ سپن بولنگ میں بھی اچھے آپشن ہیں، حسن علی اور شاداب خان سمیت کھلاڑی چیمپئنز ٹرافی کی کارکردگی دہرانے کے لیے بیتاب ہیں۔