پاکستان کرکٹ بورڈ کا انڈر 19 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی نا قص پرفارمنس کی تحقیقات کا فیصلہ ،چار رکنی کمیٹی قائم

پاکستان کرکٹ بورڈ کا انڈر 19 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی نا قص پرفارمنس کی تحقیقات ...
پاکستان کرکٹ بورڈ کا انڈر 19 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی نا قص پرفارمنس کی تحقیقات کا فیصلہ ،چار رکنی کمیٹی قائم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نیوز ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے انڈر 19 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی پرفارمنس کی تحقیقات کا فیصلہ کر لیا ، ٹیم کے انتخاب اور میچز کے دوران انتظامیہ کی مداخلت کی چھان بین کے لیے نعیم گیلانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی قائم کردی گئی۔

نجی خبر رساں ادارے کے  مطابق پہلے ورلڈ کپ میں پاکستان جونیئر ٹیم فائنل میں آسٹریلیا سے ہار گئی۔ قومی انڈر 19ٹیم دو مرتبہ ورلڈ جونیئر چمپئن اور دو بار رنرز اپ رہی۔ ٹیم نے 2002ءکے علاوہ تمام جونیئر ورلڈ کپس کے سیمی فائنل میں ضرور کوالیفائی کیا۔ بنگلہ دیش میں جاری انڈر 19ورلڈ کپ میں پاکستان جونیئر ٹیم فائنل فور میں بھی جگہ نہیں بنا سکی۔انڈر 19ٹیم کے انتخاب میں اقربا پروری اور کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین شکیل شیخ کے بیٹے ارسل شیخ کے انتخاب پر بھی سوالیہ نشان رہا۔ کپتان حفیظ گوہر پہلے دو میچز میں ناقص پرفارمنس کے بعد بقیہ میچز میں نہیں کھیلے۔ ذرائع کے مطابق مینیجر ذاکر خان نے تمام میچز میں کوچ اور کپتان کے کام میں بے جا مداخلت جاری رکھی۔بیٹنگ کے لیے ناسازگار کنڈیشنز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کوارٹر فائنل میں پہلے بیٹنگ کا فیصلہ بھی ذاکر خان کا تھا۔ چالیس رنز پر پاکستان کے چار بیٹسمین آوٹ ہوگئے۔ وکٹ بہتر ہونے کے بعد عمیرمسعود کی سنچری اور سلمان فیاض کی ففٹی کی بدولت پاکستان نے حریف کو دو سو ستائیس رنز کا ہدف دیا جو ویسٹ انڈیز نے باآسانی بنا لیا۔پی سی بی نے جونیئر میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کی تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی قائم کردی ہے جس کے سربراہ نعیم گیلانی ہیں۔ ممبران میں آغا زاہد، ثاقب عرفان اور احتشام الرحمن شامل ہیں۔

مزید :

کھیل -