پہلا ون ڈے،پاکستان نے سری لنکا کو 83 رنز سے شکست دیدی

کھیل

دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن)پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 83رنز سے شکست دیدی ہے،پاکستان نے شاندار باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کے پانچ کھلاڑیوں کو 62رنز پر پولین پہنچا دیا تھا ۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکاکی ٹیم پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 293رنز کے ہدف کے تعاقب میں 50اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 208رنز بنانے میں ہی کامیاب ہوئی ۔سری لنکا کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں ڈک ویلااور تھرنگا نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن پاکستان کی خطرناک باولنگ کے آگے ٹکنے میں کامیاب نہیں ہوئے،ویلا 19 اور تھرنگا 18 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔چندی مال 4 اور مینڈس 2 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔سری وردنا بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کی گیند کا نشانہ بنے اور بولڈ ہو کر پولین لو ٹ گئے ،پیریرا 21رنز پر شاداب خان کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے ۔سری لنکا کی جانب سے تھریمانے 53رنز کے ساتھ سرفہرست رہے اور دنانجا 50رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔پاکستان کی جانب سے رومان رئیس نے اور حسن علی نے 3، 3،محمد حفیظ اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر پاکستان نے مقررہ 50اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر292رنز بنائے جس میں بابراعظم103رنز کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ شعیب ملک نے 81رنز کے ساتھ دوسرے اوراوپننگ پر آئے فخر زمان نے 43رنز کی اننگ کھلی ،محمد حفیظ 32رنز بنانے میں کامیاب ہوئے تاہم احمد شہزاد ہمیشہ کی طرح ٹیم کو کوئی سہارا فراہم نہیں کر سکے ،احمد شہزاد 12گیندوں پر ایک بھی سکور بنانے میں کامیا ب نہیں ہوئے اور آوٹ ہو کر پولین لوٹ گئے۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد صرف 1سکور بنا کر پولین لوٹ گئے۔