آسٹریلیا سے صرف ایک ٹیسٹ میچ جیتو اور 10 لاکھ امریکی ڈالر کی خطیر رقم بطور ’’انعام ‘‘ پاو ،کوہلی الیون کے من میں لڈو پھوٹنے لگے ، یہی بڑی رقم حاصل کرنے کے لئے آسٹریلیا کو کو ن سے پاپڑ بیلنا پڑیں گے ؟؟؟اہم خبر سامنے آ گئی
نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)آسٹریلوی کرکٹ ٹیم انڈیا سے ’’پنجہ آزمائی ‘‘ کے لئے بھارت پہنچ چکی ہے اور کینگرو کپتان سٹیون سمتھ نے انڈین سرزمین پر قدم رکھتے ساتھ ہی ورات کوہلی الیون کو شکست دینے کے لئے کوئی کسر نہ چھوڑنے کا اعلان کیا ہے تو دوسری طرف انڈین ٹیم کے کپتان ورات کوہلی اور ان کی ٹیم ایک ملین امریکی ڈالرز پر نظریں گاڑھے ہوئے ہے ،سیریز میں صرف ایک ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کرنے پر بھارتی ٹیم کو آئی سی سی کی جانب سے ایک ملین امریکی ڈالرز بطور انعام دیئے جائیں گے ۔
انڈین نجی چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق مہمان آسٹریلوی کرکٹ ٹیم23 فروری سے شروع ہونے والی 4 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں بھارت سے پنجہ آزامائی کرنے کے لئے میزبان ملک میں آچکی ہے ، آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ نے بھارتی سرزمین پر پہنچتے ساتھ ہی ورات کوہلی الیون کے خلاف ’’طبل جنگ‘‘ بجاتے ہوئے بیان داغا ہے کہ ان کی ٹیم بھارت کو شکست دینے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی ،دوسری طرف بھارتی ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ میں کینگروز کو شکست دے کر ایک ملین امریکی ڈالر کی خطیر رقم حاصل کرنے کے خواب دیکھ رہی ہے۔کوہلی الیون اس وقت 121پوائنٹس حاصل کر کے آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ آسٹریلیا انڈیا سے 12پوائنٹ نیچے ہے اور 109پوائنٹس کے ساتھ بھارت کے پیچھے دوسرے نمبر پر کھڑا ہے ،اسے ٹیسٹ کی عالمی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے کے بھارتی ٹیم کو سیریز میں وائٹ واش کرنا ہو گا ۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بنگلہ دیش کو حالیہ ٹیسٹ سیریز میں شکست دے کر بھارتی ٹیم نے اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا ہے ،اب اگر کوہلی الیون ٹیسٹ سیریز کے کسی ایک میچ میں بھی آسٹریلیا کو شکست دے دی تو وہ عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں یکم اپریل 2017تک اپنا ’’قبضہ ‘‘ برقرار رکھنے میں کامیاب ہو جائے گی اور اس کامیابی پر انٹر نیشنل کرکٹ کونسل بھارتی ٹیم کو ایک ملین ڈالر کی خطیر رقم بطور انعام دے گی ۔آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں جنوبی افریقہ 107پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، انگلینڈ 101پوائنٹس کے ساتھ چوتھے ،نیوزی لینڈ 98پوائنٹ کے ساتھ پانچویں ،پاکستان 97پوائنٹس کے ساتھ چھٹے ،سری لنکا 92پوائنٹس کے ساتھ ساتویں ،ویسٹ انڈیز 69پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں ،بنگلہ دیش 61پوائنٹس کے ساتھ نویں اور زمبابوے صرف 5پوائنٹ حاصل کر کے 10ویں پوزیشن پر کھڑا ہے ۔آسٹریلیا اور بھارت کی رواں ٹیسٹ سیریز میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان بھی عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پر رہنے کے لئے گھمسان کا رَن پڑنے کی امید ہے۔