ٹی 10لیگ،پختونز نے ٹیم سری لنکاکو27رنز سے ہرا دیا
شارجہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)شارجہ میں کھیلی جانے والی ٹی ٹین لیگ کے گروپ بی کے میچ میں پختونز نے ٹیم سری لنکا کو27رنز سے ہرادیا،112کے ہدف کے تعاقب میں ٹیم سری لنکامقررہ اوورز میں 84رنز ہی بنا سکی۔
ہدف کے تعاقب میں ٹیم سری لنکا جب میدان میں آئی تو آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی 3کے مجموعے پر اس کی دو وکٹیں گر چکی تھی،اس کے بعد پختونز کے باﺅلنگ اٹیک نے ان پر دباﺅ بنائے رکھا اور انہیں مقررہ دس اوورز میں84رنز تک محدود کئے رکھا۔
اس سے قبل پختونز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو ان کی جانب سے اننگ کا آغازتمیم اقبال اور احمد شہزاد نے کیا ،احمد طوفانی اننگ کھیلتے ہوئے 12گیندوں پر24رنز بناکر فرننیڈو کے ہاتھوں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے،فخر زمان بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔
ان کی جانب سے تمیم اقبال نے نا قابل شکست 56رنز بنائے ،شاہد آفریدی ایک بار پھر ناکام رہے اور سات رنز بنا کرپویلین لوٹ گئے۔
پختونز نے مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے۔
میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر تمیم اقبال کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔