یونس خان ایک روزہ کرکٹ میں سنچری بنانے والے معمر ترین پاکستانی کھلاڑی بن گئے
ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان ایک روزہ کرکٹ میں سنچری بنانے والے معمر ترین پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں، ان سے قبل یہ اعزاز ایشین بریڈمین ظہیر عباس کے پاس تھا۔ ابوظہبی میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں 1رن پر کیچ چھوٹنے کو یونس نے موقع غنیمت جانتے ہوئے 103 رنز بنا ڈالے۔ انہوں نے 37 سال اور 18 دن کی عمر م یں سنچری سکور کے ظہیر عباس کا 31 سالہ پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا۔ ظہیر عباس نے 1983ءکے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 35 سال 331 دن کی عمر میں سنچری سکور کی تھی اور حسن اتفاق یہ کہ ان کی وہ اننگ بھی 103 رنز تک ہی محدود رہی تھی۔ یاد رہے کہ یونس نے یہ سنچری 6 سال اور 75 اننگز کے بعد سکور کی ہے جس سے ورلڈ کپ کے سکواڈ میں شمولیت کی ان کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ یونس خان نے اس سے قبل نومبر 2008ءمیں ابوظہبی میں ہی ویسٹ انڈیز کے خلاف سنچری سکور کی تھی۔