آئی سی سی کی ٹیم آف چیمپیئنز کا اعلان ، سرفراز احمد کپتان مقرر، 4 پاکستانی کھلاڑی شامل

کھیل

دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ٹیم آف چیمپیئنز کا اعلان کردیا، ٹیم میں 4 پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ اس ٹیم کی کپتانی سرفراز احمد کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے چیمپیئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم آف چیمپیئنز کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں چار پاکستانی ، تین بھارتی، تین انگلش اور ایک ایک بنگالی و کیوی کھلاڑی شامل ہیں۔
ٹیم آف چیمپیئنز کی کپتانی قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کریں گے جبکہ پاکستان کے فخر زمان، حسن علی اور جنید خان بھی اس ٹیم میں شامل ہوں گے۔ بھارت کی جانب سے بھارتی کپتان ویرات کوہلی، شکھر دھون اور بھونیشور کمار جبکہ انگلینڈ کے جوئے روٹ، بین سٹوکس اور عادل راشد کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے ۔ بنگلہ دیش کی طرف سے واحد کھلاڑی تمیم اقبال جبکہ نیوزی لینڈ کے بلے باز کین ولیمسن بھی اس ٹیم کا حصہ ہوں گے۔واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کو بارہویں کھلاڑی کے طور پر ٹیم آف چیمپیئنز میں شامل کیا گیا ہے۔