جنوبی افریقہ نے ٹی ٹوئنٹی گلوبل لیگ کی بنیاد رکھ دی، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں بھی حصہ لیں گی

کھیل

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ نے نئی ”ٹی ٹوئنٹی گلوبل لیگ“ کرانے کا اعلان کردیا جس میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی ۔ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی فرنچائزز پہلے سے مختلف ملکوں میں کھیلنے والی ٹیموں کے ساتھ مل کرایونٹ میں حصہ لیں گی۔ پاکستانیوں کیلئے خوشی کی خبر یہ ہے کہ گلوبل لیگ میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے مالکان بھی ایک ایک فرنچائز خریدنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی گلوبل لیگ کی فرنچائزز کی نیلامی کی تقریب لندن کے ایک ہوٹل میں ہوئی ۔ 8 ٹیموں کی نیلامی کے عمل میں دنیا بھر کی 150 فرنچائزز کے مالکان نے اپنی بولیاں دیں جن میں سے 8 کامیاب امیدواران کو ٹیمز الاٹ کردی گئیں۔
پی ایس ایل کی فرنچائز لاہور قلندرز کی ٹیم ڈربن کی فرنچائز خریدنے میں کامیاب ہوگئی، ان کے مارکی پلیئر ہاشم آملہ ہوں گے جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم نے بینونی شہر کی فرنچائز خرید لی ہے اور ان کے مارکی پلیئر کوئنٹم ڈی کاک ہوں گے۔ علاوہ ازیں کولکتہ نائٹ رائڈرز کے مالک شاہ رخ خان کیپ ٹاﺅن کی ٹیم اور جے پی ڈومنی کو خریدنے میں کامیاب رہے ۔ اسی طرح دہلی ڈیئر ڈیولز نے جوہانسبرگ کی ٹیم اور پلیئر کاگیسو ربابا ، چینل 2 نے پورٹ الزبتھ اور پلیئر عمران طاہر، ایس اے کنسورشیم نے پریٹوریا کی ٹیم اور پلیئر اے بی ڈویلیئرز ، برمسٹون نے سٹیلنبوش اور پلیئر فاف ڈوپلیسی، سٹی سپورٹس نے بلوم فونٹین کی ٹیم اور ڈیوڈ ملر کو بطور مارکی پلیئر خریدا ہے۔
مارکی پلیئرز کو جنوبی افریقہ کی قومی ٹیم سے منتخب کیا گیا ہے اور انہیں انہی فرنچائزز کی نمائندگی سونپی گئی ہے جس شہر سے وہ تعلق رکھتے ہیں یا ان شہروں کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔
جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ کے سربراہ ہارون لوگارٹ نے کہا ہے کہ ٹیموں کے مالکان اور مارکی پلیئرز کے اعلان کے بعد گلوبل ٹی 20 لیگ شروع کرانے میں آسانی ہوگی۔ انٹرنیشنل فرنچائزز کو اس ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا مقصد لیگ کو اگلے لیول پر لے جانا اور شائقین کرکٹ کیلئے زیادہ سے زیادہ دلچسپی کا سامان پیدا کرنا ہے۔
واضح رہے کہ گلوبل ٹی 20 لیگ کیلئے پلیئرز کی نیلامی 19 اگست کو ہوگی جس میں 10 ملکوں کے 400 پلیئرز کی بولیاں لگیں گی۔