وزیر داخلہ سندھ کا سرفراز احمد کو وی آئی پی پروٹوکول دینے کا اعلان، پنجاب حکومت لاہور پہنچنے والے چیمپیئنز کا سرکاری طور پر استقبال کرے گی

کھیل

کراچی / لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے قومی ٹیم کی وطن واپسی پر وی آئی پی پروٹوکول دینے کا اعلان کردیا، پنجاب حکومت بھی آج رات وطن واپس پہنچنے والے کھلاڑیوں کا سرکاری طور پر استقبال کرے گی ۔
نجی ٹی وی 92 نیوز کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی کا فائنل جیتنے والے کپتان سرفراز احمد منگل کی صبح کراچی پہنچیں گے۔ سرفراز احمد کی آمد کے پیش نظر وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے انہیں وی آئی پی پروٹوکول فراہم کرنے کی ہدایت کردی ۔انہوں نے کہا ہے کہ ٹیم اور کپتان کو پورے اعزاز کے ساتھ گھر لے جایا جائے گا۔
آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بھی سرفراز احمد کی وطن واپسی کے موقع پر سخت سیکیورٹی اقدامات کی ہدایت کردی ہے ۔ آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کو ایئر پورٹ سے گھر تک سخت سیکیورٹی میں لے جایا جائے گا ، ان کی سیکیورٹی کے فرائض کراچی پولیس سر انجام دے گی۔
علاوہ ازیں چیمپئنز ٹرافی سکواڈ میں شامل 4 کھلاڑی بابر اعظم، احمد شہزاد، فہیم اشرف اور حسن علی پیر کی شب لاہور ایئر پورٹ پر پہنچیں گے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے چاروں کھلاڑیوں کا سرکاری طور پر استقبال کیا جائے گا۔