سرینا ولیمز رواں سال ٹینس کورٹ میں نظر نہیں آئیں گی ،وجہ ایسی کہ جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے
شکاگو(ڈیلی پاکستان آن لائن)دنیائے ٹینس کی سب سے مشہور امریکی خاتون کھلاڑی سرینا ولیمز ایک سال کے لئے ٹینس کے کسی بھی ٹورنا منٹ میں اپنے کھیل کے جوہر نہیں دکھا پائیں گی کیونکہ وہ ماں بننے والی ہیں جس کی تصدیق انہوں نے خود ہی کر دی ہے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دنیا کی سب سے زیادہ مشہور ٹینس سٹار امریکہ کی سرینا ولیمز نے اپنے حاملہ ہونے کی خبر دے کر سب کو چونکا دیا ہے اور اس خبر کی تصدیق کے بعد انہوں نے کہا ہے کہ وہ اب سال 2018ء میں ہی کورٹ پر واپسی کریں گی۔ سرینا نے سوشل میڈیا پر تیراکی کے لباس میں اپنی ایک تصویر پوسٹ کر کے اس کے نیچے’ ’20 ہفتے ‘‘لکھا تھا، جس کے بعد ان کے حاملہ ہونے کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں تھیں جس کے بعد سرینا ولیمز کے ترجمان نے ان قیاس آرائیوں کی تصدیق کر دی اور ساتھ ہی بتایا کہ وہ اگلے سال تک ہی اب کورٹ میں واپسی کر پائیں گی۔یاد رہے کہ دنیا کے دوسرے نمبر کی کھلاڑی سرینا نے اسی سال پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن کے ذریعے اپنا 23 واں گرینڈ سلیم خطاب جیتا تھا۔ 35 سالہ سرینا کی ترجمان کیلی بش نوواک نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سرینا یقیناً2017ء میں کھیل نہیں پائیں گی لیکن 2018 ء میں واپسی کو لے کر پرجوش ہیں۔