آئی سی سی کی تازہ رینکنگ جاری، باﺅلرز میں حسن علی، بلے بازوں میں بابر اعظم اور آل راﺅنڈرز نے محمد حفیظ پہلے 10 کھلاڑیوں میں شامل
دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپنز ٹرافی کے اختتام کے بعد عالمی رینکنگ جاری کی جس کے مطابق پاکستان چھٹے نمبر پر آ چکا ہے اور اب بلے بازوں، باﺅلرز اور آل راﺅنڈرز کی رینکنگ بھی جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق حسن علی کیرئیر بیسٹ 7 تویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ بیٹنگ میں بابر اعظم پانچویں اور آل راﺅنڈرز میں محمد حفیظ نے حیران کن طو رپر دوسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔۔۔ کھلاڑی اپنے اپنے آبائی علاقوں میں پہنچ گئے ،سرفراز نے موقع موقع گا کرپاکستانی شائقین کو خوش کیا،فخر زمان نے بھی نو بال پر آوٹ ہونے کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کردیا
آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی رینکنگ کے مطابق بلے بازوں میں فہرست بھارتی کپتان ویرات کوہلی پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر دوسرے، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز تیسرے، انگلینڈ کے جو روٹ چوتھے اور پاکستان کے بابر اعظم پانچویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن چھٹے، جنوبی افریقہ کے کوینٹن ڈی کوک ساتویں، جنوبی افریقہ ہی کے فاف ڈوپلیسس آٹھویں، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل نوویں اور بھارت کے شیکھر دھون دسویں نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کے نوجوان فاسٹ باﺅلر حسن علی نے چیمپینز ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناصرف گولڈن بال ایوارڈ اپنے نام کیا بلکہ آئی سی سی رینکنگ میں بھی کیرئیر بیسٹ ساتویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
اس فہرست میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے عمران طاہر دوسرے، آسٹریلیا کے مچل سٹارک تیسرے، جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا چوتھے، ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن پانچویں، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ چھٹے، پاکستان کے حسن علی ساتویں، افغانستان کے راشد خان آٹھویں، انگلینڈ کے کرس ووکس نوویں اور افغانستان کے محمد نبی دسویں نمبر پر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔۔۔ آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی ٹیم کا اعلان کر دیا ، سرفراز احمد کپتان ہونگے، ویرات کوہلی بھی ٹیم میں شامل
پروفیسر محمد حفیظ بھی چیمپینز ٹرافی میں اپنا جادو چلانے میں کسی حد تک کامیاب رہے اور اس کارکردگی کی بدولت وہ آل راﺅنڈرز کی رینکنگ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب بھی ہو گئے ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کا اس فہرست میں پہلا نمبر ہے۔ افغانستان کے محمد نبی تیسرے، سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز چوتھے، آسٹریلیا کے جیمز فالکنر پانچویں، انگلینڈ کے بین سٹوکس چھٹے، آسٹریلیا کے مچل مارش ساتویں، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر آٹھویں، انگلینڈ کے کرس ووکس نوویں اور بھارت کے رویندرا جدیجہ دسویں نمبر پر ہیں۔