آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز میں سعید اجمل کی کمی شدت سے محسوس ہوگی: مصباح الحق

آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز میں سعید اجمل کی کمی شدت سے محسوس ہوگی: مصباح الحق
آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز میں سعید اجمل کی کمی شدت سے محسوس ہوگی: مصباح الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک )قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کےخلاف ٹیسٹ سیریز میں سعید اجمل کی کمی شدت سے محسوس ہوگی لیکن پاکستان دستیاب باﺅلرز کے ساتھ ہی کینگروز کا مقابلہ کرےگا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ رواں برس انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں 3 جبکہ ون ڈے میچوں میں وہ صرف دو نصف سنچریاں ہی سکور کی ہیں، دنیا کے ہر کھلاڑی کو اپنے کیریئر میں اتار چڑھاﺅ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس برے وقت سے نکلنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ مثبت سوچ اختیار کرتے ہوئے اپنی کوششیں جاری رکھی جائیں کیونکہ کسی بھی بلے باز کو اپنی کھوئی فارم واپس لانے میں ایک ہی اننگز کی ضرورت ہوتی ہے۔ دورہ سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں ان سے رنز نہیں ہوسکے لیکن اس سے وہ مایوس نہیں ہیں ، ہر کھلاڑی پر اس دورانیے میں تھوڑی پریشانی اور دباﺅ بھی ہوتا ہے لیکن انھوں نے اسے خود پر طاری نہیں کیا، انھیں خود پر بھروسہ ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اپنے اورٹیم کےلئے بڑا سکور کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی ٹیم کا ٹیسٹ ریکارڈ اچھا ہے اور قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن بھی مضبوط ہے، اس آسٹریلیا کی ٹیم بھی ماضی کے مقابلے میں بہت زیادہ تجربہ کار نہیں ہے ، آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز ہارنے کے باوجود انہیں یقین ہے کہ قومی ٹیم کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں جنید خان، وہاب ریاض اور عمرگل بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہونے کے سبب ٹیم میں شامل نہیں ہیں لیکن کھلاڑیوں کی فٹنس سے متعلق مسائل کسی بھی ٹیم کو کسی بھی وقت درپیش ہوسکتے ہیں تاہم سیریز میں سعید اجمل کی کمی شدت سے محسوس ہوگی، سعید اجمل کے نہ ہونے کے نتیجے میں ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل رہا ہے،
۔انکا کہنا تھا کہ قومی ٹیم باﺅلنگ کے میدان میں تمام دستیاب وسائل کے ساتھ بھرپور انداز میں کینگروز کا مقابلہ کرے گی اور ایک مرتبہ پھر جیت کی راہ پرگامزن ہوجائے گی۔

مزید :

کھیل -