پہلا ٹیسٹ: انگلینڈ کے 293 رنز کے جواب میں بنگلہ دیش نے 221 رنز بنا لئے، 72 رنز کے خسارے کا سامنا
چٹاگانگ (مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلہ دیش نے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز انگلینڈ کے 293 رنز کے جواب میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنا لئے ہیں اور اسے مزید 72 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال 78 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ شکیب الحسن 31 اور شفیع الاسلام بغیر کوئی رنز بنائے کریز پر موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ظہور احمد سٹیڈیم چٹاگانگ میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے روز بنگلہ دیش کے اوپنرز نے انگلینڈ کے 293 رنز کے جواب میں پراعتماد اننگز کا آغاز کیا تاہم 29 کے مجموعی سکور پر ہی یکے بعد دیگرے دو کھلاڑی آﺅٹ ہو گئے۔ امرالقیس پہلے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنہوں نے 21 رنز بنائے اور معین علی کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ دوسرے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی مومن الحق تھے جو کوئی سکور بنائے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ تمیم اقبال نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین بلے بازی کی تاہم وہ بھی 78 رنز بنا کر ہمت ہار گئے۔ دیگر بلے بازوں میں محمود اللہ نے 38 اور مشفیق الرحیم نے 48 رنز بنائے جبکہ شکیب الحسن 31 اور شفیع الاسلام بغیر کوئی سکور بنائے کریز پر موجود ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ گیریتھ بیٹی، عادل راشد اور بین سٹوکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 293 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے معین علی 68 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں الیسٹر کک 4، بین ڈوکیٹ 14، جو روٹ 40، گیری بیلانس 1، بین سٹوکس 18، جونی بیرسٹو 52، کرس ووکس 36، عادل راشد 26، سٹورٹ براڈ 13 اور گیریتھ بیٹی نے 1 سکور بنایا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن مرزا نے تباہ کن باﺅلنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شکیب الحسن اور تیج الاسلام نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔