وومن ورلڈ کپ ،انگلینڈ کے خلاف عالمی کپ کے فائنل میچ سے قبل بھارت کے لئے انتہائی افسوسناک خبر آ گئی ،اہم کھلاڑی زخمی ،شرکت مشکوک ہو گئی
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن)وومن ورلڈ کپ کے فائنل میچ سے قبل بھارت کو بڑا جھٹکا لگ گیا ،آسٹریلیا کے خلاف دوسرے سیمی فائنل میں ناقابل شکست رہتے ہوئے 171رنز کی دھواں دار بیٹنگ کرنے والی ہرمن پریت کور کندھے کی انجری کا شکار ہو گئی ،نیٹ پریکٹس کے دوران بلے بازی کرتے ہوئے کندھے پر چوٹ لگنے سے زخمی ہوئیں،فائنل کھیلنے کی امیدوں پر اوس پڑ گئی ۔
بھارتی نجی ٹی وی چینل’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق وومن ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ سے مقابلے پر اترنے والی بھارتی ٹیم کو ایک بڑا جھٹکا لگا ہے ،آسٹریلیا کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرنے والی ہرمن پریت کو نظر لگ گئی ،پریکٹس سیشن میں بیٹنگ کرتے ہوئے کندھے پر چوٹ لگنے سے زخمی ہو گئیں ،عالمی کپ کے فائنل مقابلے میں انگلینڈ کے خلاف میدان میں اتریں گی کہ نہیں ؟ہرمن پریت کور کے بڑے مقابلے میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ۔اگرچہ بھارتی فزیو اور ٹیم مینجمنٹ پوری کوشش میں ہے کہ کسی نہ کسی طرح بھارتی کھلاڑی کو فائنل مقابلے سے قبل ’’فٹ ‘‘ کیا جا سکے تاہم ہرمن پریت نے کندھے کی چوٹ کی وجہ سے آج ہونے والے پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا ،بھارتی ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ ہر من پری کا فائنل میچ سے قبل فٹنس ٹیسٹ لیا جائے گا اور ان کی میچ میں شرکت کا فیصلہ فائنل مقابلے سے قبل آخری لمحوں میں کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ دوسرے سیمی فائنل میں ہرمن پریت کور نے 171رنز کی دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا ،انہوں نے اپنی اننگز میں 20چوکے اور7چھکے بھی جڑے تھے ۔دوسری طرف انگلینڈ کی ٹیم نے لیگ میچ میں صرف بھارت سے شکست کھائی تھی تاہم وومن ورلڈ کپ کے فائنل مقابلے میں انگلش ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے ۔اس سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ نے خواتین کی کرکٹ ٹیم کی فائنل مقابلے میں پہنچنے پر خزانے کے منہ کھول دیئے ہیں اور ہر کھلاڑی کے لئے 50لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے ۔