ماریا شراپوا نے لاعملی کا اظہار کر کے میرا مذاق نہیں اڑایا تھا : سچن ٹنڈولکر
نئی دہلی(ما نیٹرنگ ڈیسک )سابق بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کو نہ جاننے کا بیان دےکر ہندوستانیوں کی شدید تنقید کی زد میں آنےوالی ٹینس سٹار ماریا شراپوا کی حمایت میں اب عظیم بلے باز خود باہر نکل آئے ہیں۔بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں سچن ٹنڈولکر نے کہاکہ روسی ٹینس پلیئر نے ایسا جان بوجھ کر نہیں کیا اور نہ ہی انکا مقصد میرا مذاق اڑانا تھا، وہ دراصل کرکٹ کے بارے میں زیادہ نہیں جانتیں۔ٹنڈولکر جون میں دیگر معروف شخصیات کی طرح ومبلڈن میں شراپوا کا میچ دیکھنے کے لیے لندن آئے تھے۔ ایونٹ کے دوران جب روسی سٹار سے سوال کیا گیا کہ اگر سابق انگلش کپتان اینڈریو سٹراﺅس اور فٹ بالر ڈیوڈ بیکہم کے ساتھ ٹنڈولکر بیٹھے ہو تو کیا وہ انہیں پہچان لیں گی جس پر شراپووانے کہا تھا کہ وہ انہیں شناخت نہیں کرسکیں گیں۔ان کے اس بیان کے سامنے آتے ہی ہندوستانی پرستاروں نے مشتعل ہوکر فیس بک پر پیغامات بھیجنا شروع کئے اور کچھ افراد نے تو آئندہ شراپوا کے میچز نہ دیکھنے کا بھی اعلان کیاجبکہ کچھ حلقوں کی جانب سے دھمکیاں اور غلط زبان کا استعمال بھی کیا گیا۔