آئی سی سی وویمن کرکٹ ورلڈ کپ، انگلینڈ نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے کر عالمی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

آئی سی سی وویمن کرکٹ ورلڈ کپ، انگلینڈ نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست ...
آئی سی سی وویمن کرکٹ ورلڈ کپ، انگلینڈ نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے کر عالمی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لارڈز (ڈیلی پاکستان آن لائن )آئی سی سی کے تحت ہونے والے خواتین کے عالمی کرکٹ کپ میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دے کر عالمی چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کر لیا ،229رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی بھارتی ٹیم اعصاب شکن مقابلے میں 219رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی ،انڈیا کی طرف سے پونم راوت نے 86اور ہرمن پریت کور نے 51رنز کی اننگز کھیلی ،ایک وقت میں ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ بھارتی ٹیم باآسانی یہ فائنل مقابلہ جیت جائے گی لیکن انگلینڈ کی باؤلرز نے شاندار کار کردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اوپر تلے وکٹیں حاصل کر کے کامیابی کا ہار اپنے گلے میں سجا لیا ۔


 اس سے قبل لارڈز کے تاریخی ہوم گراؤنڈ پر انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ،بھارتی باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدا میں ہی انگلش ٹیم کو مشکلات کا شکار کر دیا تھا ،47رنز کا اوپنر سٹینڈ حاصل کرنے والی انگلش ٹیم محض 16رنز کے وقفے سے ہی اپنی تین وکٹیں گنوا بیٹھی تھی ،لیکن پانچویں وکٹ کی شراکت میں میزبان ٹیم نے سنبھلتے ہوئے 83رنز بنا کر اپنی ٹیم کے ڈولتے قدموں کو سنبھالا دیا۔33ویں اوورز میں انگلینڈ کی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 146کامجموعہ سکور بورڈ پر سجایا تھا اور بظاہر ان کی پوزیشن کافی مضبوط لگ رہی تھی کہ بھارتی باؤلر جھولن نے مسلسل 2گیندوں پر سارا ٹیلر (45)اور فران ولسن کو صفر پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرتے ہوئے انگلش ٹیم کے بڑھتے قدموں کو بریک لگا دی ،جھولن نیٹلی شیور کی وکٹ حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوئیں جنہوں نے 68گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 51رنز بنائے،اس میں انہوں نے 5چوکے بھی لگائے ۔بھارت کی طرف سے گائیکواڑ نے ایک اور لیگ سپنر پونم نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ،انگلش ٹیم نے 50اوورز میں228سکور بناتے ہوئے بھارت کو 229رنز کا ہدف دیا ۔

بھارتی ٹیم ہدف کے تعاقب کرنے کے لئے میدان میں اتری تو ابتدا میں ہی مشکلات کا شکار ہو گئی ۔انڈیا کی طرف سے پونم راوت اور سمرتی مندھانا نے بیٹنگ کی شروعات کی تو سمرتی مندھانا کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئیں ،دوسری آؤٹ ہونے والی کھلاڑی بھارتی کپتان میتھالی راج تھیں جنہوں نے 31گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 17کے انفرادی سکور پر رن آؤٹ ہو کر اپنی ٹیم کے لئے مشکلات کھڑی کر دیں ۔ہرمن پریت کور جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے سیمی فائنل میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 171رنز بنائے تھے فائنل مقابلے میں بری مشکل سے  نٖصف سینچری بنانے میں کامیاب ہوئیں اور 80گیندوں پر 51رنز بنا کر ڈریسنگ روم پہنچ گئیں ۔پونم راوت نے بہتر بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 115گیندوں پر 86رنز کی اننگز کھیلی لیکن ان کی یہ بیٹنگ بھارت کے کسی کام نہیں آئی ،کرشنا مورتی نے 35رنز بنائے جسکے بعد خشک پتوں کی طرح یکے بعد دیگرے بھارتی وکٹیں گرتی رہیں اور48اعشاریہ4اوورز میں ہندوستان کی پوری ٹیم 219رنز بنا کر شکست سے دوچار ہو گئی ، فائنل معرکے میں بھارت کی 4  بیٹسمین ایسی تھیں کہ جو کھاتا کھولے بغیر صفر پر آؤٹ ہوئیں ۔انگلینڈکی طرف سے اینے سربوسل نے طوفانی باؤلنگ کرتے ہوئے 46رنز دے کر 6وکٹیں حاصل کرکے عالمی کپ کے فائنل میچ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا ۔

مزید :

کھیل -