ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان ، پی سی بی کو مصبا ح ، یونس اور شاہد آفریدی کو شایان شان طریقے سے رخصت کرنے کا ’’موقع ‘‘ مل گیا
لاہور( آن لائن ) ورلڈ الیون کی ٹیم ستمبر کے دوسرے ہفتے میں 3ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی جس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو یہ شاندار موقع فراہم کیا ہے کہ وہ ا ن میچز کے ذریعے ملک کی لمبے عرصے تک خدمت کرنے والے 3عظیم کرکٹرز کو عمدہ طریقے سے الوداع کرے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کافی عرصے سے قومی ٹیم کے 3سابق کپتانو ں یونس خان ، مصباح الحق اور شاہد آفریدی کو عظیم الشان فیئر ویل دینے کی سوچ رہا ہے ، شاہد آفریدی نے تو فیئر ویل لینے سے انکا ر کر دیا ہے تاہم پی سی بی ابھی تک یونس خان اور مصباح الحق کو رخصت کرنے کے لیے فیئر ویل کی تاریخ کا اعلان نہیں کرسکا ہے۔کرکٹ ماہرین کے مطابق ورلڈ الیون کے دورے نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو سنہرا موقع فراہم کیا ہے جس کے ذریعے وہ تینوں کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ کے لیے ایک لمبے عرصے تک خدمات سر انجام دینے کے صلے میں نہایت عمدہ طریقے سے رخصت کرسکتا ہے۔شائقین کرکٹ اور ماہرین پی سی بی سے مطالبہ کررہے کہ وہ تینوں کھلاڑیوں کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر ہزاروں شائقین کرکٹ کے سامنے ورلڈ الیون کیخلاف ایک ، ایک میچ کے لیے کپتان مقرر کرے جو ملک کیلئے ان کی خدمات کا ایک عمدہ صلہ ثابت ہوگا۔