لارڈز کے شیر اولڈ ٹریفورڈ میں ڈھیر: دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان 198پر آوٹ، انگلینڈ کا فالو آن کی بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ، بارش نے کھیل روک دیا
اولڈ ٹریفورڈ(مانیٹرنگ ڈیسک) انگلینڈ کیخلاف لارڈز ٹیسٹ کے شیر پاکستانی کھلاڑی اولڈ ٹریفورڈ میں ڈھیر ہوگئے۔ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کیخلاف فالو آن کا شکار ہوگئی لیکن انگلینڈ نے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ صرف کپتان مصباح آخر تک ڈٹے رہے انہوں نے 52 رنز بنائے۔ دوسرا کوئی کھلاڑی ان کا ساتھ نہ دے سکا۔وہاب ریاض نے 39 رنز بنائے۔پاکستان کی پوری ٹیم انگلینڈ کے سکور 589کے جواب میں 198 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئی۔انگلینڈ کی جانب سے ووکس نے چار، معین علی اور اور سٹوکس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کو اب بھی انگلینڈ کا پہلی اننگ کا سکور پورا کرنے کیلئے 391رنز درکار ہیں۔انگلینڈ نے پاکستان کو فالو آن کرانے کی بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔انگلینڈ کی دوسری اننگ ابھی جاری تھی کہ اولڈ ٹریفورڈ میں بارش شروع ہوگئی جس کی وجہ سے چائے کا وقفہ پہلے کر دیا گیا۔ پاکستانی شائقین اس وقت بارش کیلئے پر امید ہیں تاکہ ان کی ٹیم اس میچ میں یقینی شکست سے بچ سکے۔