ایشز سیریز،دوسرے دن کاکھیل ختم ،آسٹریلیا نے 4وکٹوں کے نقصان پر 165رنز بنالئے
برسبین (ڈیلی پاکستان آن لائن)برسبین میں کھیلے جانے والے ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنا لیے ہیں۔دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ 64 اور شان مارش 44 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔آسٹریلیا کو انگلینڈ کی برتری ختم کرنے کے لیے 137 مزید رنز کی ضرورت ہے اور پہلی اننگز میں اس کی 6وکٹیں باقی ہیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون بین کرافٹ اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کا آغاز کیا، لیکن صرف 76 رنز کے مجموعی سکور پر اس کے چار ابتدائی بیٹسمین پویلین لوٹ گئے۔میزبان ٹیم کے آوٹ ہونے والے بیٹسمینوں میں بین کرافٹ نے 5، ڈیوڈ وارنر نے 26، عثمان خواجہ نے 11 اور ہینڈز کوم نے 14 رنز بنائے۔ر آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ 64 اور شان مارش 44 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں,دونوں بیٹسمینوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں اب تک 89 رنز بنائے ہیں۔
مہمان ٹیم کی جانب سے جیمز اینڈرسن، کرس براڈ، معین علی اور جیک بال نے ایک, ایک کھلاڑی آوٹ کیا۔
اس سے پہلے انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ملان اور معین علی نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا تو اس کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 302 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔
مہمان ٹیم کی جانب سے جیمز ونس نے 83، سٹون مین نے 53 اور ڈیون ملان نے 56 رنز بنائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پیٹر کمنز اور مچل سٹارک نے 3,3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔