نو وارد فہیم اشرف کی شاندار کارکردگی، شاہینوں نے بنگال ٹائیگرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد دھول چٹادی
برمنگھم(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین کھیلے گئے پہلے وارم اپ میچ میں قومی ٹیم نے نو وارد کھلاڑی فہیم اشرف کی جارحانہ اننگز کے باعث 2 وکٹوں سے فتح سمیٹ لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 342 رنز کا ہدف قومی کرکٹ ٹیم نے تین گیندیں پہلے ہی 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ قومی ٹیم میں نئے شامل ہونے والے کھلاڑی فہیم اشرف نے اننگز کے اختتام پر جارحانہ بلے بازی کرکے یقینی شکست کو فتح میں تبدیل کردیا۔ انہوں نے 30 گیندوں پر 4 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنا کر قومی ٹیم کو فتح دلائی ۔
پاکستان کی جانب سے اظہر علی 8 ، احمد شہزاد 44 ، بابر اعظم 01 ، محمد حفیظ 49 ، کپتان سرفراز احمد 5 رنز ،عماد وسیم45،شعیب ملک 72،شاداب خان7، رنزبنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ حسن علی 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مشرفی مرتضیٰ، تسکین احمد ، شفیع الاسلام، شکیب الحسن اور مصدق حسین نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مہدی حسن میراز نے 2 کھلاڑیوں کو گھر بھیجا۔
قبل ازیں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50اوور ز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 341رنز بنائے جس میں تمیم اقبال 102رنز کے ساتھ سرفہرست رہے ،امرول 61رنز کے ساتھ دوسرے ،مستفیض الرحمان 46رنز کے ساتھ تیسرے ،محمد اللہ 29اور مصدق حسین 23نرز کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے ۔پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 4،حسن علی اور شاداب خان نے 2,2کھلاڑیوں کو پولین پہنچایا ۔