کرکٹ کا دمکتا ستارہ غروب ، باﺅنسر لگنے سے زخمی آسٹریلوی بلے باز فلپ ہیوزچل بسے
سڈنی (مانیٹرنگ ڈیسک) باﺅنسر لگنے سے زخمی ہونیوالے آسٹریلوی بلے باز فلپ ہیوز دم توڑ گئے ہیں ۔ فلپ ہیوز کی موت کی خبرسے دنیائے کرکٹ غم میں ڈوب گئی ۔
کرکٹ آسٹریلیاکے مطابق سڈنی کے سینٹ ونسٹ ہسپتال میں زیرعلاج فلپ ہیوز25سال کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں ۔
یادرہے کہ دو روز قبل فلپ ہیوز شیفلڈ شیلڈ کے میچ کے دوران سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے تھے ، آپریشن بھی کیاگیاتاہم اُن کی حالت سنبھل نہ سکھی اوردوروز زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد چل بسے ۔
ڈاکٹروں نے بتایاکہ گیند لگنے کے بعد فلپ ہیوز کا بڑاآپریشن ہواجو 20منٹ تک جاری رہا،فلپ ہیوز کے دم میں خون جم گیاتھا، اڑتالیس گھنٹے اہم قراردیئے گئے لیکن پہلی رات سخت گزری اور کوشش کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے ۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق فلپ ہیوز کے سرمیںخون کا لوتھڑا ساجم گیاتھا اور وہ ہوش میں آہی نہیں سکے ، مصنوعی طریقے سے زندہ رکھاگیاتھا۔
واضح رہے کہ شیفلڈ شیلڈ آسٹریلیا کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ ہوتاہے ، نیو ساﺅتھ ویلز اور ساﺅتھ آسٹریلیا کے درمیان میچ کے دوران انٹرنیشنل فاسٹ باﺅلر سین ایبٹ کی گیند فلپ ہیوز کے سرپر لگی تھی جبکہ وہ ہیلمنٹ بھی پہنے ہوئے تھے ، گیند کی سپیڈ140کلومیٹرفی گھنٹہ تھی ۔
پاکستان کے سابق کرکٹر وسیم اکرم نے ٹوئیٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہاہے کہ فلپ ہیوز کی موت کی خبر سن کر دھچکالگا، فلپ کے خاندان اور دوستوں کے لیے دعاگوہوں ۔ سابق کپتان انتخاب عالم کاکہناتھاکہ وہ کرکٹ آسٹریلیا کے ایک دمکتے ستارے تھے اور یہ کرکٹ کی دنیا کے لیے بہت بری خبر ہے ۔ ایڈم گلکرسٹ نے ٹوئیٹر پر لکھاکہ اُنہیں ہیوز کی موت کا یقین نہیں ہورہا۔ شاہد آفریدی اور کرس گیل نے بھی فلپ ہیوز کی موت پر افسوس کااظہار کیا۔
فلپ ہیوز نے اپنے کیئریئرکا واحد ٹی 20میچ اکتوبر 2014ءمیں پاکستان کے خلاف کھیلا تھا۔ اُنہوں نے آسٹریلیا کی طرف سے پہلا ون ڈے 2013ءمیں کھیلا اور 25ون ڈے میچز میں دو سینچریوں اور چار نصف سینچریوں کی مدد سے 826رنز بنائے جبکہ 2009ءمیں ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ آنجہانی فلپ ہیوز نے 26ٹیسٹ میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی جس دوران تین سینچریوں ، سات نصف سینچریوں کی مدد سے 1535رنز بنائے تھے ۔