بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کیساتھ سیریز کیلئے حکومت کو خط لکھ دیا : بھارتی میڈیا
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کیساتھ سیریز کیلئے اپنی حکومت کو خط لکھ دیا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کیلئے اپنی حکومت کو خط لکھ دیا ہے اور اگر حکومت نے اجازت دیدی تورواں سال نومبر کے دوران متحدہ عرب امارات میں سیریز ہو سکتی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت پاکستان کیساتھ دبئی میں سیریز کھیلنا چاہتا ہے، ’’پاکستان کیساتھ کرکٹ سیریز کھیلنے کی اجازت دی جائے۔‘‘
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کی قانونی چارہ جوئی سے بچنے کیلئے یہ چال چلنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ سیریز نہ کھیلنے کی صورت میں پی سی بی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کر رکھا ہے اور اب اپنی حکومت کو خط لکھنے کا مقصد یہی ہے کہ اگر حکومت انکار کر دیتی ہے تو بھارتی کرکٹ بورڈ سارا ملبہ اپنی حکومت پر ڈال کر سیریز کھیلنے سے معذرت کر سکتا ہے۔