پہلا ون ڈے ، بکیوں نے ویسٹ انڈیز کیخلاف کلین سوئپ کی پیشنگوئی کردی
کراچی (ویب ڈیسک) شارجہ کرکٹ سٹیڈیم ماضی میں جواریوں کا مسکن سمجھا جاتا تھا اور پاکستان و ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلے میچ سے قبل بکیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے پہلے بیٹنگ کرنے کی صورت میں اظہر علی سنچری سکور کریں گے۔ ان کی سنچری پر پیسہ لگانے والے جواریوں کو ڈبل اماﺅنٹ دی جائے گی جبکہ پنٹرز نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ اظہر علی اس سیریز میں 2 سنچریاں بنائیں گے اور یہ سیریز پاکستان بھاری مارجن سے بغیر کوئی مقابلے کئے جیت جائے گا۔
روزنامہ امت کی رپورٹ کے مطابق کراچی کی گھاس منڈی کا اڈہ بھی دبئی کے بکیوں کے بتائے گئے ریٹ پر چلے گا۔ اسی طرح طارق روڈ، ناظم آباد اور ڈیفنس میں بھی بک کھولی جائے گی۔ اطلاع یہ ہے کہ جواری پیسہ ڈبل کرنے کے لئے ابھی سے سیریز کے نتائج بک کرنے کے لئے بھاری رقم لگارہے ہیں جس کا منافع سیریز کے اختتام پر دیا جائےگا۔ اسی طرح لاہور اور اسلام آباد میں بھی پاکستان کی جیت پر پیسہ لگایا جارہا ہے۔ دوسری جانب بھارت میں بھئی اس سیریز میں خاصی دلچسپی لی جارہی ہے ۔ چھوٹا راجن گروپ نے اس سیریز کو یکطرفہ ریٹ کیا ہے اور پاکستان ٹیم کے حق میں بک کھول دی ہے۔ جس کے مطابق پاکستان کا ریٹ 15.1 پیسہ، جبکہ ویسٹ انڈیز کا 2.5 پرفائنل کیا گیا ہے جبکہ برطانوی سٹہ مافیا نے اپنی آفیشل ویب سائٹ بیٹ فیئر کے ذریعے ریٹ مقرر کردئیے ہیں جس کے مطابق پاکستان کا بھاﺅ 5.1 پیسہ اور ویسٹ انڈیز کا 62.2 پیسہ رکھا گیا ہے۔
ادھر پنٹرز ن ے آج ہونے والے میچ کی پچ رپورٹ بھی لیک کردی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل ہائی سکورنگ ہوگا۔ اگر پاکستان نے یہاں پہلی بیٹنگ کی تو سکور بورڈ 300 رنز سے تجاویز کرجائےگا جبکہ ویسٹ انڈیز ٹیم 250 رنز اور اس سے نیچے ہی محدود رہے گی۔ دوسری جانب شارجہ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا ریکارڈ کافی بہتر رہا ہے۔ پاکستان نے بیرون ملک سب سے زیادہ انٹرنیشنل میچز اسی مقام پر ہی کھیلے ہیں۔ 32 سالہ تاریخ میں پاکستان نے یہاں 120 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں، جس میں سے 80 میچوں میں کامیابی حاصل کی، 59 میں شکست اور ایک میچ ڈرا رہا۔ سب سے زیادہ سکور پاکستانی ٹیم کا یہاں 369 رہا، جو 2014ءمیں نیوزی لینڈ کے خلاف بنایا گیا تھا جبکہ کم ترین سکور 236 رنز رہا۔
دریں اثنا پاکستان کا اگلا ہدف ون ڈے سیریز آج شروع ہورہی ہے۔ قومی ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے۔ محدود ترین فارمیٹ میں کالی آندھی کے خلاف شاہینوں کی شاندار کارکردگی سے میزبان ٹیم پر دباﺅ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز دبئی کے مقامی ہوٹل میں ون ڈے سیریز کی ٹرافی اور لوگو کی رونمائی ہوئی جس میں اظہر علی اور ان کے ویسٹ انڈین ہم منصب جیسن ہولڈر موجود تھے۔ بعدازاں دونوں ٹیموں نے شارجہ میں پریکٹس کی، جہاں پہلا ون ڈے انٹرنیشنل بھی شیڈول ہے۔