وزیراعظم نواز شریف نے سندھ آنے میں بڑی دیر کردی، خورشید شاہ
سکھر(یو این پی)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے سندھ میں آنے میں بڑی دیر کردی،صوبے میں کہیں موٹر وے تعمیر نہیں ہورہا۔ہفتہ کوسکھر میں یواین پی سے گفتگو میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ نے کہا کہ صوبے کےلئے کئے گئے اعلانات پورے بھی ہونے چاہئیں،پی ٹی آئی اور ن لیگ میں محاذ آرائی اچھی بات نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میاں صاحب کو 4 سال سندھ یاد نہیں آیا، پنجاب میں 8 موٹروے تعمیر کیے گئے، سندھ میں ایک ایکسپریس وے کشادہ کیا گیا تو کیا مہربانی ہوئی؟ اچھی بات ہے کہ پاکستان کا پیساملک پرخرچ ہورہا ہے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے مقابلے میں سندھ میں سہولیات کا فقدان ہے۔ ملک میں 51 فیصد آبادی محفوظ نہیں تو اس سے بڑی ناکامی کیا ہوگی،حکومت کو اپنی ناکامی کا اعتراف کرلیا چاہئے ،جب کہ خواتین کو غیرمحفوظ ہونے کا بیان دینے والے وزیرداخلہ کو اب گھر چلے جانا چاہئیے۔پی ٹی آئی اور (ن)لیگ کے رہنماوں میں لڑائی کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں میں محاذ آرائی اچھی بات نہیں سیاست دانوں کو جاہلانہ طرز عمل اپنانے کے بجائے اچھے کردار سے متوجہ کرنا چاہئے۔ عوام کے منتخب نمائندوں کی آپس میں گالی گلوچ سے دنیا بھرمیں غلط تاثر قائم ہوگا اور عوام کی دل آزاری بھی ہوتی ہے۔