پرویز خٹک (ن) لیگ میں شمولیت اختیار کریں گے: امیر مقام
سوات (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کی پیشگوئی کردی۔
روزنامہ جنگ کے مطابق انہوں نے دعویٰ کیا کہ پرویز خٹک اقتدار کی خار پیپلزپارٹی ، اے این پی اور اب پی ٹی آئی کا بھی حصہ بن چکے ہیں آئندہ انتخابات میں بھی پرویز خٹک کا مستقبل مشکوک ہے۔ پرویز خٹک کو معلوم ہونا چاہیے کہ میں نے مقتدر سیاسی جماعت چھوڑ کر اس وقت کی اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی تھی جبکہ پرویز خٹک اقتدار کی خاطر ایم کیو ایم لندن کے ٹکٹ پر بھی انتخابات لڑنے میں عار محسوس نہیں کرتے۔ انہیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے کہ انہیں عوام کا مفاد یا اقتدار عزیز ہے، امیر مقام نے کہا کہ وزیراعلیٰ وزیراعظم کے منظور شدہ منصوبے پر تختیاں لگا کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں، میں نے جلوزئی میں مرکزی حکومت کی جانب سے منظور شدہ 220 کے وی اے گرڈ سٹیشن کا افتتاح کیا جبکہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے جڑوبہ نوشہرہ میں نواز شریف کے منظور شدہ منصوبے کا افتتاح کیا۔